پاکستان کی بھارت کو تاریخی شکست : ورلڈ کپ ٹی20 میچ میں بابر اعظم، رضوان کی جارحانہ بیٹنگ، بھارتی سورماؤں کو دھول چٹا دی، ملک بھر میں جشن

پاکستان کی بھارت کو تاریخی شکست : ورلڈ کپ ٹی20 میچ میں بابر اعظم، رضوان کی جارحانہ بیٹنگ، بھارتی سورماؤں کو دھول چٹا دی، ملک بھر میں جشن

بھارتی ٹیم کو 10 وکٹوں سے مات ، ریکارڈ قائم ،دعوے دھرے رہ گئے ، سٹیڈیم نعروں سے گونجتا رہا ، بھارتی شائقین کے منہ لٹک گئے ، میچ ختم ہونے سے پہلے ہی اٹھ کر چلے گئے ، نوجوان سڑکوں پر نکل آئے ، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ، مبارکبادیں ، مٹھائیاں تقسیم ، بڑی سکرینوں کا بھی اہتمام ، فوجی افسر وں کے نعرے ،مقبوضہ کشمیر میں بھی آتشبازی

دبئی ،لاہور (سپورٹس ڈیسک ، دنیا مانیٹر نگ )آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے تاریخ بدل دی، کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر رضوان کی جارحانہ بیٹنگ نے بھارتی سورمائوں کو دھول چٹا دی ، روایتی حریف ٹیموں میں کافی عرصے بعد یہ پہلا ٹاکرا تھا جس میں پاکستان نے بھارت کو 10وکٹوں سے شکست دے کر ریکارڈ قائم کردیا ،بھارتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ، بھارتی ٹیم ایک بھی پاکستانی کھلاڑی کو آؤٹ نہ کر سکی ۔ گرین شرٹ نے کمال کا کھیل پیش کیا ، ملک بھر میں جیت کی خوشی میں جشن منایا گیا، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں رات گئے تک لوگ جشن مناتے رہے ۔ میچ شروع ہوتے ہی پاکستان شائقین میں زبردست جذبہ دیکھا گیا ، سٹیڈیم میں نعرے بازی بھی ہوتی رہی ۔ بھارتی شائقین کو جب یہ پتہ چلا کہ وہ ہار رہے ہیں تو ایک بڑا ہجوم میچ ختم ہونے سے پہلے ہی سٹیڈیم سے اٹھ کر چلا گیا ، ان کے چہرے لٹکے ہوئے تھے ، پورے انڈیا میں صف ماتم بچھ گئی ، ان کا میڈیا بھی خاموش رہا ،اس کو بھی سانپ سونگھ گیا، اس کے برعکس پاکستان میں جشن کا سماں تھا ، بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی بھی خوشیاں مناتے رہے ۔ ملک بھر میں میچ کے لئے بڑی سکرینوں کا بھی اہتمام کیا گیا ۔لوگوں نے گھروں میں خاص پکوان بھی تیار کر رکھے تھے ۔ آزادکشمیر اورگلگت بلتستان کراچی، لاہور، گوجرانوالہ، کوئٹہ، پشاور سمیت مختلف شہروں میں بھارت کے خلاف تاریخی فتح کی خوشی میں نوجوان سڑکوں پر نکل آئے ،نوجوانوں نے سڑکوں پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے ، ملک کے مختلف شہروں میں تاریخی فتح پر ہوائی فائرنگ بھی کی گئی،بھارتی ٹیم کی جانب سے دیا گیا ہدف حاصل ہوتے ہی شائقین کرکٹ نعرہ تکبیر اللہ اکبر ،پاکستان زندہ اور قومی ٹیم کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور جیت کی خوشی میں بھنگڑے ڈالتے رہے ، پاکستانی شاہینوں کی بھارتی سورماؤں کو شکست سے ساری قوم میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ کئی شائقین کرکٹ خصوصاً خواتین جیت کی خوشی میں اپنی جذبات پر قابونہ رکھ سکیں اور ان کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو جاری ہو گئے ۔شائقین کرکٹ ہاتھوں میں پاکستان کے پرچم تھام کر نعرے لگاتے ہوئے بھنگڑے ڈالتے رہے ۔ کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری بھی تعینات رہی ۔ کئی مقامات پر تاجروں نے قومی ٹیم کی جیت کی خوشی میں کھانے پینے کی اشیاء مفت تقسیم کردیں ۔ بعض علاقوں میں قومی ٹیم کی کامیابی کی خوشی میں آتشبازی بھی کی گئی ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سرد موسم اور بارش کے باوجود شائقین جشن منانے سڑکوں پرآگئے ،کراچی میں پاکستان کی جیت کی خوشی آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔گوادر کرکٹ سٹیڈیم میں میچ دکھانے کا خصوصی انتظام کیا گیا ۔پاکستان کی جیت کے ساتھ ہی گوادر میں شائقین کا جوش و خروش نعرے بازی، سیٹیاں، شور شرابہ، گوادر میں شائقین خوشی سے جھوم اٹھے ۔بگٹی سٹیڈیم ڈیرہ بگٹی میں جشن کا سماں رہا ،ڈپٹی کمشنر اور فوجی آفیسرز کی جانب سے فلک شگاف نعرے گئے ، شہر پاکستان زندہ باد کے نعروں کی گونجتا رہا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں