بزدار کا 6گھنٹے طویل دورہ فیصل آباد، 9ارب کے 81منصوبوں کا افتتاح ، سنگ بنیاد

بزدار کا 6گھنٹے طویل دورہ فیصل آباد، 9ارب کے 81منصوبوں کا افتتاح ، سنگ بنیاد

مہنگائی سے نمٹنے کیلئے جلد پیکیج کا اعلان، 70ہزار نوکریاں فوری فراہم کر رہے :وزیراعلیٰ ، اسامیاں پر کرنے کا فیصلہ ، اپوزیشن پریشان نہ ہو،حکومت مضبوط،ہرصورت 5سال پوری کرینگے ، جلد بہاولپور اور ملتان کا دورہ کرونگا:وزیراعلیٰ

لاہور ،فیصل آباد(سیاسی رپورٹرسے ،نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فیصل آباد کا 6 گھنٹے طویل دورہ کیا اور مقامی ہوٹل میں 9ارب روپے کے 81 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا، عثمان بزدار فیصل آباد آمد کے فوراً بعد چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ پہنچے اور اس کا افتتاح کیا جس پر 21 کروڑ کی لاگت آئی،بعد ازاں وزیراعلیٰ ہوٹل پہنچے اور رورل ہیلتھ سینٹر کھرڑیانوالہ کی اپ گریڈیشن اور تاندلیانوالہ میں کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کے منصوبوں کا افتتاح کیا،رورل ہیلتھ سینٹر کی 60بیڈز تک اپ گریڈ یشن پر 20 کروڑ جبکہ کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر پر ساڑھے 7 کروڑ روپے خرچ ہوئے ،وزیراعلیٰ نے 8ارب16 کروڑ کے 78 ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا اور جاری میگاپراجیکٹس کا معائنہ کیا، عثمان بزدار نے اعلان کیا کہ 7 ارب روپے کی لاگت سے 100 کلومیٹر طویل فیصل آباد رنگ روڈ کی تعمیر اور بحالی کی جائے گی ، بلدیاتی الیکشن کرانا چاہتے ہیں ، ایکٹ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور اس کے پاس ہونے پر بلدیاتی الیکشن کی طرف آئیں گے ، ،علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ نے منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کی جگہ جیل ہے ، انتظامی افسران اور منتخب نمائندے مشترکہ اقدامات کرکے مہنگائی پر قابو پائیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بزدار نے کہا اپوزیشن پریشان نہ ہو،حکومت ہر صورت 5 سال پورے کرے گی،حکومت مضبوط ہے ،اپوزیشن صرف واویلا کررہی ہے ، حکومت مہنگائی سے نمٹنے کے لئے بہت جلد پیکیج کا اعلان کرے گی، تعلیم و صحت سمیت دیگر محکموں کی70 ہزار خالی اسامیاں پر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا بیروزگاری کے خاتمے کیلئے 70 ہزار فوری نوکریاں فراہم کررہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا جلد بہاولپور اور ملتان کا تفصیلی دورہ کرکے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی کارکردگی کا جائزہ لوں گا،

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں