پاک فوج ملکی سلامتی، دفاع کیلئے کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے کو تیار: آرمی چیف

پاک فوج ملکی سلامتی، دفاع کیلئے کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے کو تیار: آرمی چیف

جدید ٹیکنالوجی سے لیس تربیت یافتہ فوج ہی ملک کا دفاع کر سکتی ہے ،مشقیں فوجیوں کی جنگی صلاحیتوں کو نکھارتی ہیں ، جنرل قمر باجوہ کا کمانڈ ہیڈکوارٹرز ملتان کا دورہ، کوٹ عبدالحکیم میں سٹرائیک کور کے دستوں کی تربیتی مشقیں بھی دیکھیں

لاہور (نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹرز ملتان کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کو فارمیشن کے آپریشنل ، تربیتی اور انتظامی امور سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں آرمی چیف نے سٹرائیک کور کے دستوں کی مربوط تربیتی مشقیں دیکھنے کیلئے کوٹ عبدالحکیم کا دورہ کیاجہاں دستے معمول کی مشقوں کے علاوہ بڑی آبی رکاوٹوں سے نبرد آزما ہونے کی مشقیں کر رہے تھے جوکہ جارحانہ حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ آرمی چیف نے تربیتی مشقوں کے شرکا سے ملاقات بھی کی۔ا س موقع پر خطاب میں آرمی چیف نے کہا یہ مشقیں فوجیوں کے اعتماد میں اضافہ، ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیتوں کو نکھارتی ہیں۔ انہوں نے کہا پاک فوج اعلیٰ تربیت یافتہ اور آزمودہ کار فورس ہے جو پاکستان کی سلامتی اور دفاع کیلئے کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے ۔ چیلنجز کے باوجود ہمارا فوکس پاک فوج کی روایتی استعداد میں اضافہ ہے جس میں آئی ایس آر، فضائی دفاع، سائبر اور میکانائزیشن شامل ہیں۔ انہوں نے کہا صرف ایک تربیت یافتہ فوج جو مستقبل کی جنگی ٹیکنالوجیز سے لیس ہو، اپنے ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کر سکتی ہے ۔ قبل ازیں سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل چراغ حیدر نے کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں