ہمیں فاشٹ کہنے والے خود اس سے بڑھ کر، مریم کس حیثیت میں فیصلے کرتی رہیں: عمران خان

ہمیں فاشٹ کہنے والے خود اس سے بڑھ کر، مریم کس حیثیت میں فیصلے کرتی رہیں: عمران خان

ان لوگوں کا کچا چٹھا سب کے سامنے ،سندھ حکومت کھاد کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی نہیں کر رہی ، وزیراعظم سے ازبکستان کے صدر کا ٹیلیفونک رابطہ ، دو طرفہ تعلقات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں ، دنیا نیوز)وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں مریم نواز کی آڈیو ٹیپ کے حوالے سے کہا کہ مریم نوازکس حیثیت میں فیصلے کرتی رہی ہیں؟، یہ لوگ ہمیں فاشسٹ کہتے ہیں اور خود اس سے بڑھ کر ہیں،عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال اوراپوزیشن جماعتوں کے حکومت مخالف بیانیے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا،ذرائع کے مطابق اجلاس میں مریم نواز کی آڈیو ٹیپ پربھی گفتگو ہوئی، وزارت اطلاعات نے کارروائی سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا ۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ ان لوگوں کا کچا چٹھا سب کے سامنے آگیا،اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حکومت کے خلاف بیانیے کے حوالے سے اور ملک کی معاشی اور سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی،پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں ملک میں کھاد کی بڑھتی ہو ئی قیمتوں سے متعلق بریفنگ دی گئی کہ سندھ میں کھاد کی ذخیرہ اندوزی کی جا رہی ہے جس سے ملک میں کھاد کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ سندھ حکومت کھاد کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی،وزیراعظم نے کھاد کی ذخیرہ اندوزی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے صوبہ سندھ کے ساتھ معاملہ اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔ اجلاس میں وزیراعظم نے آٹا، کھاد بحران کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی نہیں کی، ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں سے رعایت نہیں کی جائیگی ۔ کراچی میں مہنگائی کے اعشاریے سب سے زیادہ ہیں۔ سندھ ترقیاتی پلان پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عمران خان نے حیدرآباد تا سکھر موٹروے اور بدین، گھوٹکی، تھر، میرپور خاص، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد اور سانگھڑ میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ سندھ ترقیاتی پلان کا مقصد 14 اضلاع کے باسیوں کی معاشی اور معاشرتی ترقی ہے ۔ عمران خان سے ازبکستان کے صدر نے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا،ازبکستان کے صدر نے وزیراعظم کی طرف سے دی گئی دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔ ازبک صدر کے دورے سے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون فروغ پائے گا، عمران خان کا کہنا تھا کہ مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے مختلف شعبوں میں بھرپور صلاحیت سے مستفید ہونا ہے ، ترجیحی تجارتی معاہدے کے ذریعے دو طرفہ معاشی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ، افغانستان میں امن و استحکام سے خطے کے ملکوں کے درمیان رابطے مستحکم ہونگے اور خوشحالی آئے گی۔ وزیر اعظم سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور پارٹی عہدیداران نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے ۔وزیر اعظم آفس کے مطابق ملاقات کرنیوا لوں میں ارکان قومی اسمبلی ظل ہما، عظمیٰ ریاض، غلام بی بی بھروانہ، ڈاکٹر نوشین حامد، پنجاب کے وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو، پنجاب کے وزیر لیبر عنصر مجید خان،پنجاب سے ارکان صوبائی اسمبلی احسن سلیم بریال، جلیل احمد شرقپوری، حامد یار ہراج، اعجاز سلطان بندیشہ، فاروق امان اللہ دریشک، سندھ کے ارکان صوبائی اسمبلی ملک شہزاد اعوان، جمال احمد صدیقی، ارکان خیبر پختونخوا اسمبلی دیدار خان، محمد عبدالسلام اور بلاول آفریدی اور پارٹی ارکان عظیم لکھاوی، ڈاکٹر نادیہ، جمشید اقبال چیمہ، محمد سلیم بریار اور قیصر بریار شامل تھے ۔سینیٹر سیف اللہ نیازی، ممبر قومی اسمبلی عامر محمود کیانی اور ملک عامر ڈوگر بھی اس موقع پرموجود تھے ۔ملاقاتوں میں سیاسی امور اور متعلقہ حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔ عمران خان نے اراکین اسمبلی کو عوامی فلاح و بہبود خصوصی طور پر غربا کے لیے کام کرنے کی ہدایت کی۔ عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ احسن سلیم بریار نے ملاقات کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں