پاکستان کو کسی دوسرے ملک کی کالونی نہیں بننے دینگے: فضل الرحمان

پاکستان کو کسی دوسرے ملک کی کالونی نہیں بننے دینگے: فضل الرحمان

چیلنج یہ معیشت بہترکون کریگا،حکمرانوں کولانے والے زیادہ ذمہ دار،ہمیں سب چیزوں کوٹھیک کرنا ہے ، حکومت دھاندلی کے ذریعے پھر اقتدارمیں آنا چاہتی ،نیب ہمیں کچھ نہیں کہہ سکتا ، کانفرنس سے خطاب

لاڑکانہ (بیورورپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک ) سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے لیے ہم نے پہلے بھی قربانیاں دیں اور اب بھی عزم کرنا ہے کہ کسی بین الاقوامی قوت کا ہمیں ساتھی نہیں بننا ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جے یو آئی کے شہید لیڈر سابق سینیٹر ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی ساتویں برسی پر شہید اسلام کانفرنس کے موقع پرجلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر صوبے کے لوگ اپنے وسائل کے مالک ہیں ۔کوئی مائی کا لعل کسی دوسرے کے حق پر ڈاکا نہیں ڈال سکتا ۔آج پاکستان کی آزادی چھینی جارہی ہے ،ملک کا سٹیٹ بینک جعلی حکومت کی جعلی کابینہ نے براہ راست آئی ایم ایف کے حوالے کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ اس وقت پاکستان کے بقاء کو دائو پر لگایا جارہا ہے ۔ایسے حکمرانوں کولانے والے زیادہ ذمہ دارہیں،ہمیں سب چیزوں کوٹھیک کرنا ہے ، چیلنج یہ ہے اب کس طرح اس معیشت کوبہترکیا جائے گا۔عمران خان نے معیشت کا بیڑاغرق کردیا ۔پارلیمنٹ میں آج تک کوئی قانون سازی نہیں ہوئی،اگرقانون سازی ہورہی ہے توفیٹف کے کہنے پرہورہی ہے ۔ملک کو کسی دوسرے ملک کی کالونی بننے نہیں دیں گے ، جن کو ہم پر مسلط کیا گیا ان کی کوئی حیثیت نہیں انہیں شکست ہو چکی ہے ،حکومت دھاندلی کے ذریعے پھر اقتدارمیں آنا چاہتی ہے ، آج ڈالر آسمان تک پہنچ چکا ،ملکی روپے کی قدر گر گئی پاکستان برے حالات میں ہے ، مذہب سے متصادم قانون سازی بھی قبول نہیں کریں گے ، کس قوت کے کہنے پر یہ سب کچھ ہو رہا ہے کون کروا رہا ہے جواب ملنا چاہیے ، فوج کا ادارہ جرنیل کا ادارہ نہیں قوم کا ادارہ ہے ، نیب ہمیں کچھ نہیں کہہ سکتا ورنہ منہ کی کھانی پڑے گی۔سینیٹر عبدالغفورحیدری نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ہم پر مسلط کیا گیا ہے ،پنڈورا پیپرز سے خود فائدہ اٹھانے والے ہمارے خلاف کیس بنا رہے ہیں ۔آج ہم پر کالے انگریزوں کی حکمرانی ہے ۔اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم غریبوں کی بات کررہی ہے ،شخصیات کی نہیں ۔ جب تک تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں نہیں رہیں گے مسائل حل نہیں ہونگے ، جب ملک کا چیف جسٹس ملک کے نظام میں مداخلت کرتا ہے تو مسائل پیدا ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ انتخابات چوری کیے جاتے ہیں جب تک آئین کی پاسداری نہیں ہوگی مہنگائی اور مسائل حل نہیں ہونگے ۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اب ہم انکی پگڑیاں اچھالیں گے جو بڑے خود کو پاک دامن کہتے تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں