بزدار کی قدوس بزنجو سے ملاقات، بلوچستان کی طالبات کیلئے نشستیں بڑھانے کا اعلان

بزدار کی قدوس بزنجو سے ملاقات، بلوچستان کی طالبات کیلئے نشستیں بڑھانے کا اعلان

دونوں صوبوں کے مابین تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق ،ہسپتال کی تعمیر کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ، پنجاب رورل میونسپل سروس کیلئے علیحدہ ادارہ بنانے کی منظوری ،صفائی نظام میں بہتری آئیگی:وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی ٰپنجاب نے کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں صوبائی وزراء اور اراکین صوبائی اسمبلی سے ملاقات کی۔عثمان بزدار نے اس موقع پر پنجاب کی یونیورسٹیوں میں بلوچستان کی طالبات کے لئے مختص نشستیں دگنی کرنے کااعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بڑے بھائی کی حیثیت سے بلوچستان کی ہر شعبہ میں معاونت جاری رکھے گا۔بلوچستان کے صحت ورکرز کو پنجاب میں ٹریننگ بھی دی جائے گی۔ عثمان بزدار کے دورہ بلوچستان کے دوران کوئٹہ میں بلوچستان سیکرٹریٹ میں تقریب کے دوران ہسپتال کی تعمیر کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ اور بلوچستان حکومت کی جانب سے سیکرٹری صحت نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ۔عثمان بزدارنے کہا پنجاب حکومت اپنے وسائل سے بلوچستان کے علاقے رکنی میں ہسپتال تعمیر کرے گی اور ہسپتال کیلئے ضروری آلات اور مشینری فراہم کرے گی۔عثمان بزدار اور میر عبدالقدوس بزنجو کے درمیان کوئٹہ میں ون آن ون ملاقات ہوئی۔دونوں رہنماؤں کے مابین بین الصوبائی روابط کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا ۔ملاقات میں مختلف شعبوں میں دونوں صوبوں کے مابین تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ادھر عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے دیہات میں سیوریج اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب رورل سسٹین ایبل میونسپل سروس کیلئے علیحدہ ادارہ بنانے کی منظوری دے دی ۔ یہ ادارہ گاؤں میں سیوریج او رصفائی کیلئے خدمات سرانجام دے گا ، ادارے کا خودمختار بورڈ آف ڈائریکٹرز تشکیل دیا جائے گا۔ عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب کے 50دیہات کو ماڈل ویلیج بنانے کے پروگرام پر کام شروع کر دیا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب رورل سسٹین ایبل میونسپل سروس کے علیحدہ ادارے کے قیام سے دیہات میں سیوریج اور صفائی کے نظام میں خاطرخواہ بہتری آئے گی۔راولپنڈی، سرگودھا،مظفر گڑھ، بہاولپور، رحیم یارخان، ڈی جی خان او رملتان میں بھی فلاح عامہ کے پراجیکٹس پر کام کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔عثمان بزدارنے کولمبیا کے باکسر کو شکست دینے پر پاکستانی باکسر محمد وسیم کو مبارکباد دی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں