این اے 133 ضمنی الیکشن : ووٹ خریدنے کی مبینہ ویڈیوز، ن لیگ، پیپلزپارٹی کے ایک دوسرے پر الزامات، الیکشن کمیشن کا نوٹس

این اے 133 ضمنی الیکشن : ووٹ خریدنے کی مبینہ ویڈیوز، ن لیگ، پیپلزپارٹی کے ایک دوسرے پر الزامات، الیکشن کمیشن کا نوٹس

ویڈیو جعلی ، پیپلزپارٹی نے ماسک لگے افرادکولیگی کارکن بناکرووٹوں کی خریداری کی:علی پرویز،ووٹ خریدنا ن لیگ کاپرانا وتیرہ ہے :اسلم گل ، پیمرا، پولیس اور کمشنر ویڈیو کافرانزک کرکے 30 نومبر تک رپورٹ دیں:آراو، یہ ہے ووٹ کی عزت؟ :فواد،شہباز گل،ضمیرکاسوداشرمناک:فرخ حبیب

لاہور،اسلام آباد،جہلم،فیصل آباد(دنیا نیوز،سپیشل رپورٹر،سیاسی رپورٹر سے ،وقائع نگار، کورٹ رپورٹر)حلقہ این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں پیسوں سے ووٹ خریدنے کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے مبینہ ویڈیو زکا نوٹس لے لیا ہے ،ریٹرننگ افسر نے کمشنر لاہور،آئی جی پنجاب ،چیئرمین نادرا اور پیمرا کو نوٹس جاری کردیا ہے ،ویڈیو میں نظر آنے والے لوگوں کی شناخت کے لئے ہدایت کی گئی ہے اور کہا کہ نادرا، پیمرا، پولیس اور کمشنر لاہور ویڈیو کا فرانزک کرکے 30 نومبر تک رپورٹ دیں،ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر این اے 133لاہور نے امیدوار شائستہ پرویز ملک کو نوٹس جاری کرکے ان سے 29نومبر تک وضاحت طلب کرلی ہے ۔قبل ازیں ضمنی الیکشن میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ووٹوں کی مبینہ خریدوفروخت سے متعلق ایک دوسرے پر الزامات عائد کئے ، دونوں جماعتوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔مسلم لیگ ن کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو باقاعدہ تحریری شکایت درج کرائی گئی تھی ، شکایت کے ساتھ ووٹ خریداری کے ویڈیو ثبوت بھی جمع کرائے گئے ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پیپلزپارٹی کے امیدوار اسلم گل کی طرف سے ووٹوں کی خریداری جاری ہے ، الیکشن کمیشن اپنے ذرائع سے شکایت کی تصدیق کر سکتا ہے ۔ تاہم اب مسلم لیگ ن کے آفس میں 2ہزار کے عوض ووٹ خریدنے کی مبینہ ویڈیو سامنے آئی ہے ،ویڈیو میں ماسک پہنے افراد کو حلف لیکر2ہزار روپے کے عوض ووٹ خریدتے دیکھا جا سکتا ہے ۔ مسلم لیگ ن کے ایم این اے اور شائستہ پرویز کے صاحبزادے علی پرویز نے ووٹ خرید نے کی تردید کرتے ہوئے ویڈیو جعلی قراردیدی۔علی پرویز نے کہا پیپلزپارٹی کی جانب سے ووٹوں کی خریدوفروخت کی مذمت کرتا ہوں ، جوابی طور پر پیپلزپارٹی نے ماسک لگے افراد کو ن لیگ کے جعلی کارکن بنا کر ووٹوں کی خریداری کی ۔حلفا کہتا ہوں ہمیں ووٹوں کی خریدوفروخت کی ضرورت ہی نہیں ۔پیپلزپارٹی کے امیدوار اسلم گل نے کہا الیکشن مہنگاکرنے میں نواز شریف کی پالیسیوں کا دخل ہے ،لوگوں کے ضمیر خریدنا ن لیگ کا وتیرہ ہے ،چھانگا مانگا میں اراکین اسمبلی کو اٹھا کر لے جانا اور انہیں پیسے دینا ن لیگ کا ہی کام ہے ،عوام ن لیگ کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیں گے ،بلاول بھٹو اگلا وزیر اعظم ہو گا ۔وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل اور وزیراطلاعات نے بھی مسلم لیگ (ن)کے مبینہ ووٹ خریدنے کی ویڈیو شیئر کی۔شہباز گل نے کہا یہ ویڈیو دکھاتی ہے کہ (ن) لیگ کیلئے جمہوریت اور ووٹ کو عزت دینا کیا ہے ،یہ بے شرم ٹولہ ہے جس نے ہر صورت دو نمبری کرنی ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ملک میں عمران خان کے مقابلے کا کوئی لیڈرنہیں، باقی سب سیاسی بونے ہیں،سیاست مریم نواز کے بس کی بات نہیں۔پنڈدادنخان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد نے کہاکہ ن لیگ لوگوں کو لالچ دیکر الیکشن لڑتی ہے ، ووٹ کو 2ہزار میں خریدنا ووٹ کو عزت دینا ہے ؟ سیاست مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے بس کی بات نہیں، ای وی ایم سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی گھبرا جاتی ہے ، ان کا انتخابی طریقہ دھاندلی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ویڈیو اور لیکس کا مقصد بلیک میلنگ ہوتا ہے ، ویڈیوز پہلے آجاتی ہیں بعد میں پتہ چلتا ہے کہ جعلی ہے ۔ن لیگ اداروں کو بلیک میل کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا شریف خاندان لندن میں جائیدادوں کی رسیدیں دے ، اس کے علاوہ ان کے پاس اور کوئی آپشن نہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اگلے انتخابات میں بھی عمران خان کاکوئی مقابلہ نہیں کرسکتا۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا لوگوں کے ضمیر کا سودا کرنے والوں کو شرم آنی چا ہئے ، پی ٹی آئی کو قرضوں کی دلدل میں پھنسا ہوا ملک ملا،پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت اور جمشید چیمہ نے رد عمل میں کہا الیکشن کمیشن کا کام صرف امیدواروں کے بینرز اورفلیکسز کے سائز چیک کرنے تک محدودہے ۔ ن لیگ نے پیسے کے زورپر پسے طبقات کاایمان خریدنے کی کوشش کی ہے ۔ واضح رہے این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں 14 امیدار 5دسمبر کو مدمقابل ہونگے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں