کورونا کی نئی قسم پھیلنے لگی، دنیا خوفزدہ، سرحدیں بند، پروازیں معطل

کورونا کی نئی قسم پھیلنے لگی، دنیا خوفزدہ، سرحدیں بند، پروازیں معطل

جنوبی افریقاسے ہالینڈآنیوالی پروازوں کے 13مسافرمتاثر ،وائرس آسٹریلیا،ڈنمارک بھی پہنچ گیا،اسرائیل کی سرحدیں بند ، سرحدیں کھلی رکھیں،سائنسی بنیادوں پر جدوجہد کریں،عالمی ادارہ صحت،برطانیہ نے جی سیون کے وزرا صحت کااجلاس بلا لیا

لاہور(نیوزایجنسیاں ) کورونا کی نئی قسم دنیا بھر میں پھیلنے لگی ،اسرائیل نے غیر ملکیوں کیلئے سرحدیں بندکر دیں ، آسٹریلیا، مالدیپ ،کویت نے بھی افریقی ملکوں پر سفری پابندی لگادی۔ تفصیلات کے مطابق اومی کرون سے نمٹنے کیلئے برطانیہ نے جی سیون کے وزرا صحت کا اجلاس بلا لیا۔ آسٹریلیا کے وزارت صحت کے حکام کے مطابق نئی قسم کے کورونا سے 2افراد متاثر ہوئے جو جنوبی افریقاسے سڈنی پہنچے ۔طیارے میں موجود تقریباً 260 مسافروں اور عملے کو قرنطینہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ادھر2روز قبل جنوبی افریقا سے ہالینڈ آنیوالی پروازوں کے 61مسافروں میں کورونا کیسز کی تصدیق ہوئی تھی جن میں سے 13مسافر اومی کرون سے متاثر نکلے ہیں ،ہالینڈکی وزارت صحت نے کہا ابھی تحقیقات مکمل نہیں ہوئیں،متاثرہ افراد کو قرنطینہ کیا گیا ہے ۔دوسری جانب چیک ری پبلک کے وزیرصحت کورونا کا شکار ہوگئے ، جبکہ دارالحکومت پراگ کی ایک خاتون کورونا کی نئی قسم سے متاثر ہوئی۔ڈنمارک ،جرمنی میں نئے ویرینٹ کے 2دو کیسز سامنے آئے ۔ اومی کرون کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے آسٹریلیا، مالدیپ ،کویت نے بھی افریقی ملکوں پر سفری پابندی لگادی۔مالدیپ نے جنوبی افریقا، بوٹسوانا، زمبابوے سمیت 7 افریقی ملکوں جبکہ کویت اور آسٹریلیا نے 9افریقی ممالک کے مسافروں پرسفری پابندی عائد کر دی ہے ۔ مالدیپ کے وزیرصحت کا کہنا ہے گزشتہ 2 دنوں میں ان7 ممالک سے آنے والوں کو 14 دن قرنطینہ کرنا ہوگا۔ادھر سعودی عرب نے مزید 7 ملکوں سے پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔سعودی وزارت داخلہ کے مطابق جمہوریہ مالاوی، زامبیا، مڈغاسکر، انگولا، جمہوریہ سیشیلز، موریشس اور کومو روس سے پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے ان ملکوں سے سعودی عرب آنے والوں کو تیسرے ملک میں 14روزہ قرنطینہ کرنا ہوگا، پابندی سعودی شہریوں سمیت غیر ملکیوں پر بھی ہوگی۔ اسرائیل نے کورونا کی نئی قسم اومی کرون کا کیس سامنے آنے پرچودہ دن کے لیے غیر ملکیوں کی اپنے ملک میں آمد پر پابندی عائد کر دی ہے ،سرحدیں مکمل طور پر بند کرنے کی منظوری دی گئی ہے جس کا اطلاق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب سے ہوچکا ہے ۔غیر ملکیوں کی آمد پر پابندی کے علاوہ بیرون ملک سے آنے والے ویکسی نیٹڈ اسرائیلی شہریوں کو بھی تین دن کے لیے قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔ جبکہ وہ اسرائیلی شہری جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی انہیں سات دن کے لیے قرنطینہ مکمل کرنا ہوگا۔اسرائیل نے 50 افریقی ممالک کو ریڈ لسٹ میں شامل کیا ہے ۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ممالک سرحدیں کھلی رکھیں، پروازوں پر پابندی عائد کرنے کے بجائے سائنسی بنیادوں پر جدوجہد کریں۔ افریقہ کو نشانہ بنانے والی سفری پابندیاں عالمی یکجہتی پر حملہ ہے ۔سفری پابندیاں کورونا کے پھیلاؤ کو قدرے کم کرنے میں کردار ادا کر سکتی ہیں لیکن زندگی اور معاش پر بہت زیادہ بوجھ ڈالتی ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں