شاعری اور نثر کی منتخب کتابوں پر ہر سال ایوارڈز دئیے جائینگے : بزدار : ادبی عجائب گھر، بیٹھک اور چائے خانے کا افتتاح

شاعری اور نثر کی منتخب کتابوں پر ہر سال ایوارڈز دئیے جائینگے : بزدار : ادبی عجائب گھر،  بیٹھک اور چائے خانے کا افتتاح

ایل ڈی اے ایونیو ون او رجوبلی ٹاؤن کے نادہندگان کو آخری مہلت ،3 گھنٹے طویل اجلاس میں فیصلہ ، وزیر اعلیٰ کی سکول اسمبلی میں درود شریف بھی پڑھنے کی ہدایت ،کھادسے متعلقہ مسائل حل کرینگے ،تاجروں سے ملاقات

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار مجلس ترقی ادب کے آفس گئے وہاں قائم پنجاب کے پہلے لاہور ادبی عجائب گھر، ادبی بیٹھک اورچائے خانے کا افتتاح کیا اور ای لائبریری بلاک کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ۔وزیراعلیٰ نے داستان گوئی کے لئے بنایا گیا مقام بھی دیکھا۔ بزدار نے کہا پنجاب بھر کے ادیبوں اور شاعروں کو ممبرشپ کارڈ جاری کیا جا رہا ہے اور اس اقدام سے ادیبوں اور شاعروں کی رائٹر ویلفیئر فنڈ سے مالی معاونت ممکن ہو گی۔ ادیب و شاعر نگارخانہ کتب سے رعایتی نرخ پر کتابیں بھی حاصل کر سکیں گے ۔ ادیب و شاعر مجلس کتاب گھر کی قدیم کتابوں سے استفادہ کر سکیں گے اور آئندہ رائٹر ویلفیئر کی کسی بھی سکیم سے مستفید ہو سکیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ یونیسکو نے لاہور کو سٹی آف لٹریچرقرار دیا ہے اور اس حوالے سے شہر میں لاہور لٹریری پارک کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ۔مجلس ترقی ادب کے زیراہتمام ہر سال شاعری اور نثر کی منتخب کتابوں پر ایوارڈ دئیے جائیں گے ۔سب سے اعلیٰ نثر،نظم اور غزل پر بھی ایوارڈ دیا جائے گا ۔ حکومت پنجاب فروغ ادب کے لئے اردو زبان کا پہلا ای ریڈر پیش کر رہی ہے ،جس میں ابتدائی طور پر 10ہزار کتابیں شامل ہوں گی۔وزیراعلیٰ کو مجلس ترقی ادب کی جانب سے سوونیئربھی پیش کیاگیا۔عثمان بزدارکی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا8واں اجلاس ہوا، 3 گھنٹے طویل اجلاس میں مختلف ایجنڈوں کی منظوری دی گئی اورلاہور ڈویژن کے ماسٹر پلان 2050 پر غورکیاگیا۔ لاہور ڈویژن کے ماسٹر پلان کے حوالے سے مختلف سفارشات اور تجاویز کا جائزہ لیا گیا-وزیراعلیٰ نے ماسٹر پلان کو حتمی شکل دینے کیلئے مزید مشاورت کی ہدایت کی، اجلاس میں ابدالین سوسائٹی فیز Iمیں یوٹیلیٹی سائٹ کی اراضی محکمہ سیاحت کو ا لاٹ کرنے کی منظوری دی گئی۔ علامہ اقبال ٹاؤن میں فروٹ او رویجیٹیبل مارکیٹ کیلئے مختص پلاٹ نمبر1 اورپلاٹ نمبر88 کوکمرشل پلاٹس میں تبدیل اورموضع پنڈو کی تحصیل ماڈل ٹاؤن میں اراضی کو ایگری کلچر ل سے انڈسٹریل میں تبدیل کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ایل ڈی اے ایونیو ون او رجوبلی ٹاؤن کے نادہندگان کو ادائیگی کی آخری مہلت دینے کا فیصلہ کیاگیا-نادہندگان کو 60دن کے اندر واجبات ادا کرنے ہوں گے اور60دن کے اندر واجبات ادا نہ کرنے والوں کے پلاٹ منسوخ کردئیے جائیں گے ۔ایل ڈی اے ایونیو ون کے متاثرین کو متبادل پلاٹ کی الاٹمنٹ کا طریقہ کار طے کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی جبکہ ایل ڈی اے میں لیگل ایڈوائزر کی بھرتی کے سلیکشن بورڈ میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا۔سلیکشن بورڈ میں لاء ڈیپارٹمنٹ، ہاؤسنگ او رایل ڈی اے کے اعلیٰ افسران شامل ہوں گے - اجلاس میں تعلیمی اداروں، غیر منافع بخش خیراتی اورمذہبی اداروں کو این او سی کے اجرا کے لئے ٹیپا فیس معافی کا معاملہ ہوم ڈیپارٹمنٹ کی رجسٹریشن سے مشروط کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ واپڈا میڈیکل کالج ٹرسٹ کو کنورژن فیس معاف کرنے کا معاملہ موخر کردیاگیا۔ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے ایل ڈی اے میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائی ہیں ۔ ایل ڈی اے کو پبلک فرینڈلی ادارہ بنایا ۔ایل ڈی اے میں اصلاحات کر کے شہریو ں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ۔ادھر وزیراعلیٰ سے سابق صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری انجم نثار کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی جس میں تاجر برادری اورصنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ عثمان بزدار نے تاجر برادری اورصنعتکاروں کے جائز مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلد پنجاب کے تمام چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران سے ملاقات کروں گا۔ حکومت نے کورونا کے دوران بھی بزنس کمیونٹی کے لئے ریلیف پیکیج دیا اورکاروبار کو جاری رکھا گیا۔تاجر برادری اور صنعتکاروں کی سہولت کیلئے ہرممکن اقدام کررہے ہیں۔تاجر برادری اورصنعتکار معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے کاروبارمیں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔کھادسے متعلقہ ایشوز حل کریں گے ، کسی سے زیادتی نہیں ہوگی۔ صنعتکاروں کے ساتھ کسانوں کے مسائل کا بھی پورا احساس ہے ۔ کھاد کی ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ مقررکردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کررہے ہیں ۔ تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جارہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کو کھاد سے متعلقہ ایشوز کے حل کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر چیف سیکرٹری پنجاب کوسکولوں میں اسمبلی میں درود شریف پڑھنے کے حوالے سے مراسلہ جاری کر دیا گیا۔ اسمبلی میں قومی ترانہ سے قبل تلاوت قرآن پاک کے بعد درود شریف (درود ابراہیمی) پڑھا جائے گا۔ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ درو د شریف کے بے پناہ فضائل ہیں۔ سکولوں کی اسمبلی میں بچے درود شریف پڑھنے سے اس کی فضیلت اور برکت سے فیضیاب ہوں گے ۔وزیراعلیٰ نے بنگلہ دیش کے خلاف چٹا گانگ ٹیسٹ جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباددی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عابد علی نے دونو ں اننگز میں شاندار بلے بازی کر کے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ امید ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم فتوحات کا یہ سلسلہ برقرار رکھے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں