ہمقدم پروگرام کا افتتاح، ساڑھے 63 ہزار سپیشل افراد مستفید ہونگے: بزدار

ہمقدم پروگرام کا افتتاح، ساڑھے 63 ہزار سپیشل افراد مستفید ہونگے: بزدار

27 کروڑ کے بلا سود قرضے دینگے ، 10 کروڑ سے وہیل چیئر، آلہ سماعت کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ، وزیر اعلیٰ ، خصوصی افراد کے حقوق کا تحفظ سب کی ذمہ داری ، پیغام ، اپوزیشن مہنگائی کی آڑ میں منفی سیاست کر رہی ، بیان

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خصوصی افراد کی مالی معاونت کیلئے ساڑھے 3 ارب روپے کے ہمقدم پروگرام کا افتتاح کر دیا۔ پنجاب احساس پروگرام کے تحت افتتاحی تقریب ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے مالی معاونت کیلئے اہل خصوصی افراد میں رجسٹریشن سرٹیفکیٹ تقسیم کئے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بزدار نے کہا کہ ساڑھے 3 ارب روپے کی لاگت سے خصوصی افراد کے لئے ہمقدم پروگرام کا آغاز تاریخی اقدام ہے ۔خصوصی افرادکی مالی معاونت کی جائے گی،ساڑھے 63 ہزار سپیشل افراد مستفید ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو 27 کروڑ روپے کے بلا سود قرضے دیئے جا رہے ہیں اور 10 کروڑ روپے سے خصوصی افراد کو وہیل چیئر، آلہ سماعت اور دیگر ضروری آلات کی فراہمی کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب احساس پروگرام کے تحت خصوصی افرا د کیلئے ہمقدم پروگرام کی تقریب میں شرکت میرے لئے اعزاز ہے کیونکہ یہ تقریب معاشرے کے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے منعقد کی گئی ہے جو ہم سب کیلئے سپیشل ہیں۔عثمان بزدار نے خصوصی افراد کے حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دین اسلام میں خصوصی افراد کا خیال رکھنے کی تلقین کی گئی ہے ۔ خصوصی افراد خصوصی صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں اور خصوصی افراد کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔خصوصی افراد کو معاشرے میں با وقار مقام دلانے کیلئے ہر طبقے کو اپنا کردارادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی بحالی ونگہداشت کیلئے اقدامات حکومتی ترجیحات میں اولین ہیں۔ معاشرے میں خصوصی افراد کی دیکھ بھال اور تعلیم و تربیت کے حوالے سے شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کو عام آدمی کے مسائل کا پورا ادراک ہے ۔ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے ۔ضلع کی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو متحرک کر دیا گیا ہے ۔اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں وقت کے ساتھ استحکام آ رہا ہے ۔پرائس کنٹرول میکنزم پر تسلسل کے ساتھ عملدرآمد جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن مہنگائی کی آڑ میں منفی سیاست کر رہی ہے ۔موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ اپوزیشن کو عوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں، انہیں صرف اقتدار کی تڑپ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا موجودہ حالات میں رویہ ملکی مفاد کے منافی ہے ۔وزیراعلیٰ نے پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ میں تصادم کے واقعہ کی سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ عثمان بزدار نے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ درسگاہ کا تعلیمی ماحول خراب کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی قطعا برداشت نہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں