تفریحی دورہ پر جانیوالی طلبہ کی 2 گاڑیوں کو حادثہ، 5 جاں بحق، 33 زخمی

تفریحی دورہ پر جانیوالی طلبہ کی 2 گاڑیوں کو حادثہ، 5 جاں بحق، 33 زخمی

شاہدرہ اکیڈمی کی بس دینہ کے قریب پل سے گرگئی،خاتون ٹیچر،2طالبات چل بسیں،4زخمیوں کی حالت نازک ، ویٹرنری یونیورسٹی کی بس جی ٹی روڈپرالٹ گئی،شہروز،پروفیسراحمدجاں بحق،جیون پورہ میں بہن بھائی لقمہ اجل

جہلم،لاہور،فیروزوالہ(تحصیل رپورٹر،خبر ایجنسیاں) تفریحی دورہ پر جانیوالی طلبہ کی 2 گاڑیوں کو حادثہ، پروفیسر، خاتون ٹیچر سمیت 5 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوگئے جبکہ جیون پورہ روڈ پر کار اور ٹرک میں تصادم میں بہن بھائی جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق شاہدرہ کے علاقہ بیگم کوٹ کی نجی اکیڈمی کے طلبہ کی بس مری جارہی تھی کہ جی ٹی روڈ پر دینہ کے قریب بے قابو ہوکر پل سے نیچے گر گئی جس کے نتیجے میں 2 طالبات اور ایک خاتون ٹیچر موقع پر ہی دم توڑ گئیں جبکہ 25 طلبہ و اساتذہ زخمی ہوگئے ۔ ریسکیو نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔ دوسری جانب یونیورسٹی آف ویٹرنری کی بس تیز رفتاری اور پھسلن کے باعث کالووال موڑ پرالٹ گئی جس کے نتیجے میں فارمیسی کا طالبعلم شہروز اور پروفیسر احمد شہزاد جاں بحق ہوگئے جبکہ بس میں سوار 15 طلبہ زخمی ہوگئے ، ریسکیو نے زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال جہلم منتقل کردیا، 2 زخمیوں کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے ۔ علاوہ ازیں لاہور فیصل آباد روڈ پر جیون پورہ ٹول پلازہ کے قریب ٹرک اور کارکے درمیان تصادم کے نتیجے میں کار سوار بہن بھائی محمد اشرف اور رفعت بی بی جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے ، حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار ہوگیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹریفک حادثات میں اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ دوسری جانب سوات کے علاقہ شاہدرہ مینگوہ میں ٹرک کی ٹکر سے 2 موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں