لانگ مارچ کیساتھ استعفے بھی دینے چاہئیں : پی ڈی ایم سٹیئرنگ کمیٹی کی سفارشات

لانگ مارچ کیساتھ استعفے بھی دینے چاہئیں : پی ڈی ایم سٹیئرنگ کمیٹی کی سفارشات

سفارشات آج پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں پیش کی جائیں گی ،فضل الر حمن صدارت کرینگے ، لانگ مارچ کی تاریخ کا تعین کیا جائیگا ، سٹیئرنگ کمیٹی کے ورچوئل اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی پر غور ،اجلاس میں چاروں صوبوں میں کنونشن اور احتجاجی جلسے کرنے پر اتفاق کیا گیا

اسلام آباد(سیاسی رپورٹر ، اپنے رپورٹرسے )حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کی سٹیئرنگ کمیٹی نے لانگ مارچ اور اسمبلیوں سے استعفے دینے سے متعلق سفارشات تیار کر لیں۔مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں سینیٹر میر کبیر، حافظ حمداللہ، کاشف رندھاوا اور ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی شریک ہوئے ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں لانگ مارچ اور مہنگائی مارچ سمیت پی ڈی ایم کی آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس میں اسمبلیوں سے استعفوں کے آپشن پر بھی غور کیا گیا اور سٹیئرنگ کمیٹی نے لانگ مارچ اور استعفوں سے متعلق سفارشات تیار کر لیں۔سٹیئرنگ کمیٹی نے لانگ مارچ اور استعفوں کی حمایت میں سفارشات تیار کی ہیں اور کمیٹی نے اتفاق کیا ہے کہ لانگ مارچ بھی ہونا چا ہئے اور استعفے بھی دینے چاہئیں۔لانگ مارچ سے پہلے چاروں صوبوں میں کنونشن اور احتجاجی جلسے کرنے پر اتفاق کیا گیا اور یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ لانگ مارچ اور استعفوں کے وقت اور تاریخ کا تعین پی ڈی ایم سربراہی اجلاس کرے گا۔سٹیئرنگ کمیٹی کی سفارشات آج مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت ہونے والے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں