ضمنی الیکشن کا نتیجہ زبردست، میاں صاحب کیخلاف ہر جگہ لڑینگے : آصف زرداری

ضمنی الیکشن کا نتیجہ زبردست، میاں صاحب کیخلاف ہر جگہ لڑینگے : آصف زرداری

اپنے حساب سے گلیاں، محلے ، برادریاں دیکھ کر حلقے بنائے ہم بدلیں گے ، جواس دھرتی میں مرنا نہیں چاہتا اسکو کیا مسئلہ ، سازش ہورہی ہے ،میرے دماغ میں ایسی سوچیں ہیں جو ملک کو کامیاب بناسکتی ہیں:لاہور میں خطاب ، میڈیاسے گفتگو

اسلام آباد، لاہور (سٹاف رپورٹر، دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں)پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پی پی نے لاہور کے حلقہ این اے 133میں بہت اچھارزلٹ دیا، پنجاب میں ہر حلقے میں میاں صاحب کیخلاف الیکشن لڑیں گے ۔بلاول ہاؤس میں پارٹی رہنماؤں او رکارکنوں کے اعزاز میں عشائیے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ پی پی نے جمہوریت کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ میں نے ضمنی انتخاب میں 50ہزار ووٹ ملنے کا اندازہ لگایا ہوا تھا لیکن ہم ووٹرز کو باہر نکال کر ٹرن آؤٹ نہیں بڑھا سکے ۔ پنجاب میں الیکشن مشکل نہیں ہماری کمزوریاں سامنے آتی ہیں۔سابق وزیراعظم نواز شریف پر الزامات لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب بھی کہتا ہوں جس حلقے میں پیپلز پارٹی نے الیکشن لڑا یہ 1977 کے بعد میاں صاحب بناتے رہے ، بی بی صاحبہ بھی یہاں سے جیتی تھیں، ن لیگ والوں نے اپنے حساب سے گلیاں، محلے ، برادریاں دیکھ کر حلقے بنائے ہیں، لاہور ہی نہیں انہوں نے پورے پنجاب میں حلقے بنائے ، انشااللہ یہ حلقے ہم تبدیل کریں گے ، ہرجگہ پر ہم الیکشن لڑیں گے ، ہرمحلے میں ان سے لڑیں گے ، یہ پاکستان کے خلاف ہیں یہ میری دھرتی کے خلاف ہے جواس دھرتی میں مرنا نہیں چاہتا اس کو کیا مسئلہ ہے ۔سابق صدر کا کہنا تھا کہ 2008ء میں الیکشن جیتنے کے بعد ہم کامیابی کی طرف جارہے تھے لیکن اس کے بعد آر او الیکشن کرا دیئے گئے ، آراوالیکشن کراکرہم سے انتخابات چھینے گئے ۔ پاکستان بہت بڑی سازش کی وجہ سے بہت بڑے خطرے میں ہے ، دنیا پاکستان کوتوڑنا چاہتی ہے ہم نے بچانے کا عہد کیا ہے ۔اب بھی میرے دماغ میں ایسی سوچ ہے جو ملک کو کامیاب بناسکتی ہے ، آنے والی نسلوں کے لیے کامیاب ملک بنے گا، دعا کریں اللہ ہمیں اقتدارکا موقع دے ، کارکنان متحدہوکر ایک جگہ بیٹھ جائیں اس کے بعد میرے اوپر چھوڑ دیں میں سب کو سنبھال لوں گا۔ امید ہے کہ آنے والی نسلوں کے لئے پیپلز پارٹی ہی کامیاب ملک بنا کر دے گی۔ پورے پاکستان میں ایسی کوئی جگہ نہیں جہاں پر بھٹو صاحب لوگوں کے دلوں میں نہ بستے ہوں،بی بی کی توبات ہی کچھ او رہے دنیا اب بھی ان کو یاد کرتی ہے ۔ ابھی نچلی سطح پر پارٹی کی تنظیم سازی مکمل نہیں ہے ، وسطی پنجا ب کے صدر نئے آئے ہیں دیگر عہدیدار بھی نئے ہیں،اسلم گل صاحب تو کہتے ہیں سر منڈواتے ہی اولے پڑ گئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں