اومی کرون کا خطرہ : پاکستان نے 7 یورپی ممالک پر بھی سفری پابندی لگا دی

اومی کرون کا خطرہ : پاکستان نے 7 یورپی ممالک پر بھی سفری پابندی لگا دی

کروشیا،ہنگری،نیدرلینڈ،یوکرائن،آئرلینڈ،سلوانیا،پولینڈ،ویتنام،زمبابوے شامل،پھنسے پاکستانیوں کو15دسمبرتک مہلت ، کیٹیگری بی،اے ممالک کے مسافروں کومکمل ویکسی نیشن،پی سی آرٹیسٹ کراناہوگا،ایئرپورٹ پرسکریننگ کی جائیگی

اسلام آباد،لاہور(خصوصی نیوز رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹرسے )این سی اوسی نے اومی کرون کے پیش نظر کیٹیگری سی ممالک سے پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے ۔ این سی او سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عالمی سطح پر کورونا کے بڑھتے کیسز کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا، اس دوران کیٹیگری سی ممالک جن میں کروشیا، ہنگری، نیدر لینڈ، یوکرائن، آئر لینڈ، سلوانیا، ویتنام، پولینڈ اور زمبابوے شامل ہیں، پر سفری پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ اس سے قبل پاکستان جنوبی افریقہ، لیسوتھو، ایسواتینی، موزمبیق، بوٹسوانا اور نیمیبیا کے ساتھ ہانگ کانگ کے مسافروں پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ این سی او سی کے مطابق کیٹیگری سی ممالک سے ضروری سفر کیلئے حکومتی استثنٰی کمیٹی سے تمام حفاظتی پروٹوکول کے ساتھ ایگزمپشن سرٹیفکیٹ لینا ضروری ہوگا۔ ہیلتھ پروٹوکول کے مطابق ان ممالک سے آنیوالے افراد کو مکمل ویکسی نیشن کرانا ہوگی،6 سال سے زائد عمر کے افراد کو روانگی سے 48 گھنٹے قبل کی منفی پی سی آر رپورٹ ساتھ لانا لازم ہوگا۔ پاکستان آمد پر ریپنڈ اینٹی جن ٹیسٹ ہوگا اور ٹیسٹ منفی آنے پر آگے جانے کی اجازت دی جائے گی اور تین دن کا قرنطینہ لازمی ہوگا۔ ٹیسٹ مثبت آنے پر دس دن کا قرنطینہ ضروری ہوگا۔ کیٹیگری بی ممالک جن میں جرمنی، ٹوباگو، آذربائیجان، میکسیکو، سری لنکا، روس، امریکا، برطانیہ، تھائی لینڈ، فرانس، آسٹریا، افغانستان اور ترکی شامل ہیں، سے آنیوالے مسافروں کیلئے مکمل ویکسی نیشن اور ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ اے کیٹیگری ممالک کیلئے بھی مکمل ویکسی نیشن اور پی سی آر ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ اومی کرون سے بچاؤ کیلئے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر سے آنیوالی فلائٹس کے مسافروں کو انتظامیہ سکریننگ ٹیسٹ سے گزارے گی اور ایسے تمام مسافروں کے آر اے ٹیسٹ لئے جائیں گے ۔ کیٹیگری سی ممالک سے آنیوالے پاکستانیوں کو استثنٰی سرٹیفکیٹ کے بغیر 15 دسمبر تک پاکستان آنے کی مہلت دی گئی ہے ۔ دریں اثنا کورونا کے باعث ملک بھر میں مزید 10 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد اموات کی کل تعداد 28777 ہوگئی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 336 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔ کیسز کے مثبت آنے کی شرح 0.78 فیصد رہی۔ پنجاب میں 4 شہری جان کی بازی ہار گئے جن میں سے راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ساہیوال سے ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے جبکہ 66 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ لاہور میں 37، راولپنڈی 15، ملتان 5 اور سرگودھا سے 3 کیسز رپورٹ ہوئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں