ای وی ایم : مرحلہ وار ووٹنگ کی تجویز آئی تو غور کرینگے : چیف الیکشن کمشنر

ای وی ایم : مرحلہ وار ووٹنگ کی تجویز آئی تو غور کرینگے : چیف الیکشن کمشنر

پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس، سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ موصول،ووٹنگ مشینوں پر حکومت سے کشیدگی نہیں:سکندر سلطان راجہ

اسلام آباد (الماس حید رنقوی )چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر حکومت کے ساتھ کوئی کشیدگی نہیں ،ملکر کام کررہے ہیں،ای وی ایم کے ذریعے مرحلہ وار ووٹنگ کی تجویز آئی تو غور کرینگے ، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ موصول ہو گئی ہے ،سکروٹنی کمیٹی کی سیل رپورٹ میری میز پر موجود ہے ،رپورٹ میں نے خود بھی نہیں دیکھی، رپورٹ کا جائزہ لینے کیلئے کل جمعرات کو سکروٹنی کمیٹی کاان کیمرا اجلاس ہو گا ،جس میں سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ ڈی سیل کرکے جائزہ لیا جائے گا اورآئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے قومی ووٹرز ڈے پرتقریب سے خطاب اورمیڈیاسے غیررسمی گفتگوکرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گا،امید کرتے ہیں آئندہ انتخابات شفاف ہونگے ،الیکشن کمیشن کے کئی شعبوں میں استعداد کار کے مسائل ہیں جن سے آگاہ ہیں اور انہیں بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاالیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور انٹرنیٹ ووٹنگ کے حوالے الیکشن کمیشن کا ایک واضح موقف ہے جو کمیشن نے پارلیمان کے سامنے بھی رکھا اور حکومت کو بھی آگاہ کیا،الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور سمندر پار پاکستانیوں کو حق رائے دہی دینے کیلئے تین کمیٹیاں تشکیل دی ہیں ان کی سفارشات کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا، ان کمیٹیوں کو ایک ماہ کا وقت دیاگیا ہے اسکے بعد ہی اسکے حوالے سے کچھ کہا جاسکتا ہے ،انتخابی اخراجات کی حد کو بڑھانے کیلئے الیکشن کمیشن پارلیمان کو تجاویز دیگا،موجودہ حد کے اندرانتخابات کا انعقاد ممکن نہیں،اگر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے حوالے سے ملک بھر میں مرحلہ وار انتخابات کرانے کی تجاویزآئیں تو کمیشن غور کریگا،رویتی طریقے سے ووٹنگ کیلئے ایک دن میں ملک بھر میں انتخابا ت کرانا کوئی بڑا مسئلہ نہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں