ملتان میں احساس دسترخوان قائم : اپوزیشن نے انسانی زندگیوں پر منفی سیاست کرکے ساکھ ختم کرلی : بزدار

ملتان میں احساس دسترخوان قائم : اپوزیشن نے انسانی زندگیوں پر منفی سیاست کرکے ساکھ ختم کرلی : بزدار

لاہور (سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر احساس بازاراور دیوار احساس کے بعد احساس دسترخوانبھی قائم کردیا گیا ،

 وزیراعلیٰ نے کہا اپوزیشن نے انسانی زندگیوں پر منفی سیاست کرکے اپنی ساکھ ختم کرلی ہے ،بے حس اپوزیشن رہنماؤں کو یاد رکھنا چاہیے کہ دکھی انسانیت کی خدمت خالی تقریروں سے نہیں ہوتی، عوام ایسے لیڈروں کے دوغلے چہروں کو پہچان چکے ہیں،ساڑھے 3 برس کے دوران اپوزیشن کا کردار چور مچائے شور والا رہا ہے ، احتجاجی سیاست سے عوام کی لاتعلقی کے بعد یہ لوگ مایوس ہو چکے ہیں، بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں قوم کوتقسیم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔ادھر ملتان میں ڈپٹی کمشنر عامر کریم نے مستحق افراد کے لئے جنرل بس سٹینڈ کے قریب احساس دستر خوان کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔

جہاں دوپہر 2 بجے سے شام 4 بجے تک مستحق افرا دکو کھانا کھلایا جائے گا، وزیراعلیٰ نے کہاکہ نادار، بے آسرا اور غریب لوگوں کا خیال رکھنا بہت بڑی نیکی ہے ، سابق حکومتوں نے کبھی کمزور طبقے کی فلاح کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا۔ بس سٹینڈز پر احساس دستر خوان کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گااور دیگر شہروں میں بھی احساس دسترخوان قائم کئے جائیں گے ۔وزیراعلیٰ نے کورونا کی پانچویں لہر پر کہا شہری احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں ، حکومتی گائیڈلائنز پر عمل کرنا شہریوں کے اپنے مفاد میں ہے ۔ انہو ں نے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا شہریوں کی سہولت کیلئے بوسٹر ڈوز لگانے کیلئے عمر کی حد 18برس کر دی ہے ، شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ بوسٹر ڈوز لگوائیں۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پیرس میں مقیم گجرات کی رہائشی خاتون سونیا بشیر کی آواز بن گئے ،انہوں نے سونیا بشیر کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی اور کہاکہ واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائیں اورخاتون کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے ،قاتلانہ حملے کے ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے اورخاتون کو تحفظ بھی دیا جائے ، علاو ہ ازیں وزیراعلیٰ نے سروسز ہسپتال میں مریض کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی انکوائری کا حکم دے دیا اور سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا، انہوں نے کہا غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن ہو گا۔

مزید برآں وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر سید صمصام علی بخاری کے بھائی سجادہ نشین آستانہ عالیہ کرماں والا شریف پیر سید میر طیب علی شاہ بخاری کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور غمزدہ خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے احمد پور شرقیہ کے قریب ٹرالر کی رکشہ کو ٹکر سے 3بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پراظہارافسوس کرتے ہوئے ،ذمہ دار ڈرائیور کیخلاف قانونی کارروائی کاحکم دیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں