عوام کمر کس لیں، مہنگائی کی ذمہ دار سرکار کیخلاف کھلی مزاحمت ہوگی : بلاول بھٹو

عوام کمر کس لیں، مہنگائی کی ذمہ دار سرکار کیخلاف کھلی مزاحمت ہوگی : بلاول بھٹو

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان سن لیں ساحلوں سے پہاڑوں اور دریائوں کے کناروں سے صحرائوں تک ہر جگہ سے عوام 27فروری کو اپنا حق لینے اسلام آباد آرہے ہیں۔

 27فروری کو عوام پورے پاکستان سے نکلیں گے اور مہنگائی کی ذمہ دار پی ٹی آئی حکومت سے حساب لیں گے ۔ زرداری ہائوس اسلام آباد میں گلگت بلتستان کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ ملک کے عام آدمی کی آواز ہے ۔ عوام عمران خان کی حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنائیں گے ۔ عوام کو ایسی حکومت نہیں چاہیے جو ان کے گھروں کے چولہے تک بجھا دے ۔ مہنگائی اور بیروزگاری کی ذمہ دارسرکار کے خلاف اب کھلی مزاحمت ہوگی۔

اجلاس میں پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے عہدیداروں نے چیئرمین پیپلزپارٹی کو خطے کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ گلگت بلتستان کے عہدیداروں نے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور فیڈرل کونسل کے فیصلوں کی توثیق کرتے ہوئے بلاول زرداری کو لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں بلاول زرداری سے نوشہرہ سے تحصیل ناظم کے الیکشن میں حصہ لینے والے احد خٹک نے بھی ملاقات کی ۔ وزیر دفاع پرویز خٹک کے آبائی گائوں سے پی ٹی آئی کو شکست دینے والے احد خٹک نے چیئرمین پیپلزپارٹی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لانگ مارچ میں نوشہرہ کے عوام آپ کے ساتھ ہوں گے ۔ چیئرمین پیپلز پارٹی سے کے پی کے کے سینئر نائب صدر محمد علی باچا نے بھی ملاقات کی۔ علاوہ ازیں پٹرول کی قیمت میں اٖضافے پر ردعمل دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا بجلی کے بعد اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تین روپے سے زائد کا اضافہ عوام کا معاشی قتل اورجیب پر ڈاکا ہے ۔

بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات براہ راست عوام پر پڑینگے ، عمران خان نے ملک کوآئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے ۔عوام کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ عوام کو مہنگائی اور معاشی بحران سے نجات دلانے کے لئے ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں