سندھ کی آدھی گیس پائپ لائن میں ڈالنے کے قابل ہی نہیں : حماد اظہر

سندھ کی آدھی گیس پائپ لائن میں ڈالنے کے قابل ہی نہیں : حماد اظہر

اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت گیس پر سندھ کارڈ کھیل رہی ہے ۔

 سندھ کی آدھی گیس تو پائپ لائن میں ڈالنے کے قابل ہی نہیں ہوتی، وہاں سے نکلنے والی گیس سندھ میں ہی استعمال ہوتی ہے ، گیس کی اوسط قیمت کا تعین ابھی  نہیں کیا گیا، اوسط قیمت درآمدی ایل این جی اور مقامی گیس کے اوسط کی بنیاد پر نکالی جائے گی، بجلی کے ترسیلی نیٹ ورک کی استعداد کو 20ہزار میگاواٹ سے بڑھا کر24790 میگاواٹ تک وسعت دی ہے ، وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپنے حلقہ میں گیس کنکشن کی فراہمی کی بات کی، میں نے وزیراعظم کی ہدایت پر انہیں بریفنگ دی جس کے بعد وہ مطمئن ہیں، پرویز خٹک بڑے ہیں اور انہیں بولنے کا بھی حق ہے ، جتنا کھلا پن اور مباحثہ وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں ہوتا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت نے مختلف شعبوں میں اصلاحات کے ذریعے معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کی بنیاد رکھی ہے ، اس سال 6 ہزار ارب روپے کا ٹیکس ریونیو حاصل کریں گے ، ہماری برآمدات اور ترسیلات زر 30،30 ارب ڈالر کی تاریخی سطح کو عبورکریں گی، اس سال ہم 5 فیصد جی ڈی پی گروتھ حاصل کریں گے ۔ انہوں نے کہا گورنر سٹیٹ بینک کو ہٹانے کا اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہوگا، مرکزی بینک کے تمام اثاثے حکومت کی ملکیت رہیں گے ، اب ایکسچینج ریٹ کیلئے زرمبادلہ کے ذخائر کا استعمال نہیں ہوگا، 200 کے قریب خام اشیا پر اب بھی ٹیکس نہیں۔ انہوں نے کہا ماضی کی حکومتوں نے بجلی کی پیداوار پر توتوجہ دی تاہم ترسیل اور تقسیم کے نظام پرکوئی توجہ نہیں دی گئی۔

موجودہ حکومت نے اس شعبہ میں سرمایہ کاری کی، 2023 تک ترسیلی نیٹ ورک کو 30 ہزار میگاواٹ تک بڑھا دیا جائیگا، اس وقت 10 ڈیم زیر تعمیر ہیں، 2030 میں 70 سے 80 فیصد بجلی مقامی ذرائع سے پیدا ہوگی، کل نیلم جہلم اور قریبی واقع پاور پلانٹ سے بجلی کی ترسیل کے دوسرے مرحلہ کا آغاز ہوا ہے ، اس سے سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں موسم گرما میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کاسامنا نہیں کرنا پڑے گا، ماضی کی حکومتیں توانائی کے مہنگے معاہدے نہ کرتی توفیول ایڈجسٹمنٹ کا سہارانہ لینا پڑتا، گیس کے ذخائر کم ہورہے ہیں اور ہمیں اس کا متبادل ڈھونڈنا ہے ، قازقستان سے گیس کی فراہمی کیلئے روس سے ہماری بات چیت چل رہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں