لاہور : صحت کارڈ پر 2 ہفتوں میں 5ہزار مریضوں کا علاج : حکومت پہلے سے مضبوط : بزدار

لاہور : صحت کارڈ پر 2 ہفتوں میں 5ہزار مریضوں کا علاج : حکومت پہلے سے مضبوط : بزدار

لاہور (سیاسی رپورٹر سے )وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہیلتھ کارڈ پر لاہور ڈویژن میں پہلے دو ہفتو ں میں مفت علاج کی تفصیلات شیئر کردیں ۔

 وزیراعلیٰ نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ لاہور ڈویژن میں ہیلتھ کارڈ پر پہلے دو ہفتوں میں 5 ہزار 229 مریضوں کا مفت علاج ہوا، لاہور میں 3059 مریض ہسپتالوں میں داخل ہوئے اور مفت علاج کروایا ، قصور میں 1189 ،شیخوپور ہ میں 688 ننکانہ صاحب میں 293 مریضوں نے ہیلتھ کارڈ پر علاج کروایا ، وزیراعلیٰ کاکہناہے کہ ہیلتھ کارڈ کے استعمال کے حوالے سے ہر گزرتے دن کے ساتھ آگاہی بڑھتی جا رہی ہے ، پینل پر موجود ہسپتالوں میں علاج کے لیے آنے والے افراد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے ۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ایمانداری کے سامنے کرپٹ اپوزیشن رہنماؤں کی کوئی حیثیت نہیں۔ عمران خان نے ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے ۔ تمام انڈیکیٹرز مثبت اور حوصلہ افزا ہیں ، ماسوائے اپوزیشن کی منفی سیاست کے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہے جبکہ اپوزیشن خود بحرانو ں میں مبتلا ہے ۔

اپوزیشن رہنما جو مرضی کرلیں انہیں این آر او ملے گا نہ ان کی سیاسی دال گلے گی۔ موروثی سیاست کرنے والوں کا حال بھی تاریک ہے او رمستقبل بھی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن میں مزاحمت کی سیاست کرنے کی سکت ہی نہیں۔ عوام نے 5 سال کے لئے منتخب کیا ہے حکومت مدت پوری کرے گی۔ بزدار نے کہا ہے کہ حقیقی ترقی کے لئے پالیسی سازی اورفول پروف میکنزم وضع کیا۔ پنجاب کے ہر شہر، ہر قصبے اور ہر دیہات تک ترقی کے ثمرات پہنچ رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج حقیقی تبدیلی کا نقیب ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ترقی کے خواب دکھائے گئے ، ہم تعبیر پیش کرتے ہیں۔ محرومیوں کے ازالے کے لئے تحریک انصاف کی حکومت جو کر رہی ہے ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ ترقی کے ثمرات سے بہرہ مندہونا ہر شہری کا حق ہے ۔ پنجاب کے عوام کے لئے یکساں ترقی کا ویژن دیا ہے جو ماضی میں خواب ہی تھا۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کا سفر پسماندہ ترین علاقوں تک لے کر گئے ہیں۔عثمان بزدار نے ملتان کی انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس کے اخراج کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ملتان ڈویژن اور سیکرٹری صنعت سے رپورٹ طلب کر لی ۔ وزیراعلیٰ نے گیس کے اخراج کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ۔بزدار نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرہ افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں