لانگ مارچ :بلاول نے 6رکنی تنظیمی کمیٹی بنا دی

 لانگ مارچ :بلاول نے 6رکنی تنظیمی کمیٹی بنا دی

اسلام آباد ، لاہور (سٹاف رپورٹر ، سیاسی رپورٹرسے ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے 27فروری کے لانگ مارچ کے لئے 6رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دیدی ۔

کمیٹی ارکان میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی،راجہ پرویز اشرف،نیئر حسین بخاری، قائم علی شاہ،انور سیف اللہ اور محمد صادق عمرانیہ شامل ہیں ۔اس سلسلے میں چیئرمین کے پولیٹیکل سیکرٹری جمیل سومرو نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔ادھر بلاول سے پی پی پی خیبرپختونخوا کے صدر نجم الدین خان نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی ۔ مسلم لیگ ن کے چترال سے تعلق رکھنے والے شہزادہ خالد پرویز نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی ۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہزادہ محی الدین کے صاحبزادے شہزادہ خالد پرویز کو پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کے موقع پر روایتی مفلر پہنایا۔ بلاول زرداری نے کہا کہ چترال کے عوام بھٹوازم کے پیروکار ہیں، آپ کا بیانیہ عوام کے دلوں کی آواز ہے ۔

بلاول سے پی پی پی گلگت بلتستان کے صدر امجد ایڈووکیٹ نے سابق وزرائے اعلیٰ شیر جہاں میر،میر افضل، سابق وزرا عبدالجہان اور وقار مندوق، سابق آئی جی افضل شگری، ڈاکٹر شریف اور عمران ندیم کے ہمراہ زرداری ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر لانگ مارچ سمیت گلگت بلتستان کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آصف زرداری سے پیپلز پارٹی رہنما نبیل گبول نے ملاقات کی جس میں مجموعی ملکی سیاسی صورتحال اور لانگ مارچ کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں