سینئر اداکار رشید ناز 73برس کی عمر میں انتقال کر گئے

سینئر اداکار رشید ناز 73برس کی عمر میں انتقال کر گئے

اسلام آباد(نیوزایجنسیاں)ٹیلی ویژن اور فلم کے سینئر اداکار رشید ناز 73 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ، وہ طویل عرصے سے بیمار تھے ۔

 رشید ناز کے انتقال کی اطلاع ان کی بہو اور اداکارہ مدیحہ رضوی نے سوشل میڈیا پردی۔ رشید ناز 9 ستمبر 1948 کو پشاور میں پیدا ہوئے ، انہوں نے بیشمار فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ۔ رشید ناز نے اپنے ٹیلی ویژن کیرئیر کا آغاز 1971 میں پشتو ڈرامے سے کیا۔ انہوں نے پشتو، ہندکو اور اردو زبان کے ڈراموں میں کام کیا۔رشید ناز نے 1973 میں پہلے اردو ڈرامے میں کام کیا جس کا نام ایک تھا گاؤں تھا۔

رشید ناز نے 1988 میں اپنی پہلی پشتو فلم زما جنگ میں اداکاری کے جوہر دکھائے ۔ وفاقی وزیر فواد چودھری نے سینئر اداکار رشید ناز کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ رشید ناز نے بے شمار فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بھی ان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سینئر اداکار رشید ناز کی وفات پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا خیبرپختونخوا کے نامور فنکار رشید ناز نے فن اداکاری میں اندرون وبیرون ملک اپنی صلاحیتوں کی داد پائی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں