حکومت ن لیگ میں محاذ گرم : حکمرانوں کی رخصتی دنوں کی بات : مریم، انکی باتوں پر بچے بھی ہنستے ہیں : فواد، کس نے کس سے ملاقات کی نام بتائیں : عباسی، آڈیو آنیوالی ہے : شہباز گل

حکومت ن لیگ میں محاذ گرم : حکمرانوں کی رخصتی دنوں کی بات : مریم، انکی باتوں پر بچے بھی ہنستے ہیں : فواد، کس نے کس سے ملاقات کی نام بتائیں : عباسی، آڈیو آنیوالی ہے : شہباز گل

اسلام آباد (خصوصی نیوزرپورٹر،اپنے نامہ نگارسے ،اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت اور مسلم لیگ ن میں سیاسی محاذ خاصا گرم ہوچکا ہے اور دونوں جانب سے ایک دوسرے پر الزامات لگائے اور تابڑ توڑ حملے کئے جارہے ہیں ۔

ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا حکمرانوں کی رخصتی اب دنوں کی بات نظر آرہی ہے جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ان کی بات کے جواب میں کہا کہ مریم نواز حکومت جانے کی کئی تاریخیں دی چکی ہیں ان کی باتوں پر اب ان کے بچے بھی ہنستے ہیں۔ن لیگ کے رہنما سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے فواد چودھری کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے وہ 4 لیگی رہنماؤں کے نام سامنے لائیں اور بتائیں کس نے کس سے ملاقات کی۔دوسری طرف وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے کہا لیگی رہنماؤں نے کہاشریفوں کو چھوڑو، ہمیں آزماؤ ان کی آڈیو آنیوالی ہے ، چار دوستوں میں پانچواں بھی شامل ہونے کی کوشش کررہاہے ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے حکومت کو چند دنوں کا مہمان قرار دیتے ہوئے کہا حکومت کا انجام قریب ہے ۔

موجودہ حالات میں حکومت کا گھر جانا ہفتوں، مہینوں نہیں چند دنوں کی بات نظر آرہی ہے ۔سمجھ نہیں آیا کہ وفاقی وزیرداخلہ کو ہاتھ سرپرہونے کی بات کہنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ مریم نواز نے کہا کہ حکومت کو ہٹانے کا طریقہ کار بھی جلد سامنے آجائے گا وزرا عمران خان کے منہ پر ان کی بے عزتی کررہے ہیں، قومی اسمبلی اور کابینہ میں ارکان کھڑے ہوکر ان کی نااہلی کے خلاف باتیں کررہے ہیں، وزرا کے بیانات سے ظاہر ہے کہ ان کا انجام قریب ہے ۔ن لیگ میں بغاوت کے دعوؤں کو حکومت کی نااہلی اور نالائقی سے توجہ ہٹانے کا ہتھکنڈا قرار دیتے ہوئے مریم نے کہاکہ ن لیگ آگ کے دریا سے گزر کر آئی ہے ، ڈرانے ، دھمکانے ، لالچ اور بدترین انتقام کے باوجود ن لیگ کا ایک ایک ایم این اے اور ایم پی اے چٹان کی طرح کھڑا رہا۔انہوں نے کہا حکومت کی کارکردگی ہے ہی نہیں،بے روزگاری مہنگائی بے حسی اپنے عروج پر ہے ۔

میڈیا لاقانونیت مہنگائی پر بات کرے یا مری کی بے حسی پر بات کرے ،فواد چودھری کے مطابق نواز شریف کی پارٹی سے چار لوگ ملے ،پی ٹی آئی کے ایم این ایز آپکے خلاف بول رہے ہیں،ن لیگ جس عذاب سے گزری ہے وہ حقیقت عوام کے سامنے ہے ، چار لیگی ارکان کی ڈیل کی افواہیں مت پھیلائیں ،حربے اچھی طرح جانتے ہیں، وزرا کے بیانات سے لگتا ہے ان کا انجام قریب ہے بہت جلد عمران خان سے عوام کی جان چھوٹ جائے گی۔انہوں نے کہاکہ وزیر داخلہ لانگ مارچ کی بجائے مری واقعے پر جواب دیں،آپکی وجہ سے کئی خاندان تباہ ہوئے ،سانحات رونما ہونے کے بعد وزرا کی بے حسی سب کے سامنے ہے ، جب شہباز شریف سیلاب میں لانگ شوز پہنتے تو پی ٹی آئی واویلا کرتی، شہباز شریف سیلاب کے پانی میں اترتے تھے تو انہیں شوباز کہا جاتا تھا، لگتا تھا عمران خان شہباز شریف سے بوٹ مانگ کر لوگوں کی مدد کو جائیں گے ۔

ان کا کہنا تھا میاں صاحب جلد وطن واپس آئیں گے ،واپسی کے وقت کا تعین جماعت کریگی،نواز شریف کا حکومت بال بھی بیکا نہیں کرسکی ،عمران خان کو چلو بھر پانی میں آگے سمجھ جائیں،آج بھی نواز شریف مقبول ترین عوامی لیڈر ہے ۔ انہوں نے کہا ہر ادارہ آئینی حدود میں رہ کر کام کرے ،اسی میں عوام اور ملک کی بقا ہے ۔علاوہ ازیں مریم نواز نے ایک بار پھر نوازشریف کی جلد وطن واپسی کا عندیہ دے دیا۔انہوں نے اپنے والد کی تصویر کے ساتھ ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا میں بس واپس آنے والا ہوں آپ مجھے زیادہ دیر روک نہیں سکتے ۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے فواد چودھری کو 4 لیگی رہنماؤں پر ن لیگی قائد نواز شریف کے خلاف بغاوت کا الزام لگانے پر چیلنج دیا ہے ۔انہوں نے کہا فواد ان 4 لیگی رہنماؤں کے نام سامنے لائیں، وہ بتائیں کس سے ملاقات ہوئی اور کس نے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا فواد پہلے اہم شخصیت کا نام بتائیں ؟،وزیر اطلاعات ہیں تو جرأت کریں اور نام بتائیں ،ہم صادق سنجرانی کے پاس دعا کرنے انکے گھر گئے تھے ۔

فواد چودھری نام لیکر بتائیں کس نے کس سے ملاقات کی،ملک میں فوری شفاف الیکشن کے سوا کوئی حل نہیں،ہاتھ اٹھے گا تو نمبر خودہی پورے ہو جائینگے ۔انہوں نے کہا عدالتوں میں کیمرے لگائے جائیں،عوام کو پتا چلے کہ سیاستدانوں نے کونسی کرپشن کی،جنہوں نے کرپشن کی وہ حکومتی بینچوں پر بیٹھے ہیں،وہ وفاقی کابینہ میں براجمان ہیں،وہ ڈاکو آج بھی ڈاکے مار رہے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے میڈیا کو بریفنگ میں کہا اپوزیشن اصلاحات کیلئے ملکر چلے مگر اپوزیشن کا اصلاحات پر فوکس نہیں، ہم انتخابی اصلاحات، چیئرمین نیب کی تقرری اور جوڈیشری ریفارمز جیسے بڑے معاملات پر اپوزیشن کے ساتھ مل کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں، اصلاحات سے زیادہ اپوزیشن کی خواہش حکومت گرانے کی رہی، پہلے روز سے وہ اسی کوشش میں لگے رہے اور اسی چکر میں چار سال گزار دئیے ، مریم نواز حکومت جانے کی کئی تاریخیں دے چکی ہیں ان کی باتوں پر اب ان کے بچے بھی ہنستے ہیں۔

وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے کہا ہے ن لیگ نے اگر حکومت سے ڈیل لینی ہے تو لوٹے ہوئے پیسے واپس کرے ، ہم ن لیگ کی کرپشن کی شہ رگ تک پہنچ چکے ہیں، شریف برادران ملک سے باہر جانے کے لئے ڈیل مانگ رہے ہیں، نواز شریف کا ویزا مسترد ہوتے ہی انہیں برطانیہ سے نکال دیاجائے گا، نواز شریف بیماری کا ڈرامہ نہ کریں اور ملک میں آ کر سیاست کریں ، شریف فیملی کو 16 ارب روپے کا جواب دینا پڑے گا۔منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا چاروں شریف ڈیل اور ڈھیل دینے کے باوجود نہیں بچ سکتے جب کہ ن لیگ میں پانچواں شخص بھی 4 کے ٹولے میں شامل ہونے کی کوشش کررہاہے ، شریف فیملی اپنے حواریوں کو بتا رہی ہے کہ ڈیل مل گئی۔ شہبازگل نے دعویٰ کیا ایک نئی آڈیوسامنے آنے والی ہے جس میں (ن)لیگ سے شریفوں کونکالنے کی بات ہے ، رہنماؤں نے کہا شریفوں کو چھوڑو، ہمیں ایک بار آزماؤ۔ ان کا کہناتھا اب ن لیگ کے معافی مانگنے کا وقت ہوا چاہتا ہے ۔

شریف فیملی پہلے گالیاں دیتی ہے پھر پائوں پڑ جاتی ہے ۔ان سے پوچھتا ہوں کہ ان کی ڈیل کہا ں ہوئی۔ ن لیگ کے اپنے لیڈر پارٹی کو ٹیک اوور کرنا چاہتے ہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں