دوہری شہریت پر نااہلی عارضی ہے یا مستقل : سپریم کورٹ : وکلا سے معاونت طلب

دوہری شہریت پر نااہلی عارضی ہے یا مستقل : سپریم کورٹ : وکلا سے معاونت طلب

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)سپریم کورٹ نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی نااہلی کے لیے دائر درخواست کی سماعت کے دوران وکلا کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس قانونی نکتے پر معاونت کریں کہ دوہری شہریت پر نااہلی مستقل ہے یا عارضی ۔

 نامزد چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے سوال اٹھایا دوہری شہریت ترک کرنے کا سرٹیفکیٹ آجائے تو کیا نا اہل فرد الیکشن لڑ سکتا ہے ؟ سینیٹرز کے مقدمے میں لارجر بینچ دوہری شہریت کے معاملے پر فیصلہ دے چکا ہے لیکن اب سوال یہ ہے کہ کیا دوہری شہریت پر نا اہلی مستقل ہوگی یا عارضی؟جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے دوہری شہریت اور اقامہ کی بنیاد پر وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ کی نا اہلی کیلئے دائر کیس کی سماعت وکیل کی التوا کی درخواست پر ملتوی کردی، تاہم مقدمے کے فریقین کے وکلا کو ہدایت کی گئی کہ وہ تیاری کرکے اگلی سماعت پر اس قانونی نکتے پر عدالت کی معاونت کریں کہ دوہری شہریت پر نااہلیت عارضی یا مستقل ۔

دوران سماعت وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے وکیل نے موقف اپنایا کہ دوہری شہریت کے معاملے میں ان کے موکل کے خلاف فیصلہ آنے پر وہ اپنی نشست سے مستعفی ہوئے اور دوبارہ الیکشن لڑ کر منتخب ہوگئے جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا مطلب یہ ہے کہ آپ کے موکل نا اہلی کا سامنے کرنے کے عادی ہو چکے ہیں،فاضل جج نے کہا مراد علی شاہ کیخلاف نا اہلی کی تیسری مرتبہ درخواست دائر ہوئی ہے اوردرخواست گزار کا موقف ہے کہ نا اہلی تاحیات ہوگی۔عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی،مزیدبرآں سپریم کورٹ نے ضلع جیکب آباد اور کشمور کی حلقہ بندیوں سے متعلق مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ماہرین کو طلب کرلیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں