صرف ویکسینیٹڈ افراد مساجد میں جائیں : این سی او سی کی گائیڈ لائنیز، پابندی نہیں لگائیں گے، امید ہے لوگ خود احتیاط کرینگے : ترجمان پنجاب حکومت

صرف ویکسینیٹڈ افراد مساجد میں جائیں : این سی او سی کی گائیڈ لائنیز، پابندی نہیں لگائیں گے، امید ہے لوگ خود احتیاط کرینگے : ترجمان پنجاب حکومت

اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور(خصوصی نیوز رپورٹر،نیوزرپورٹر،خصوصی نامہ نگار ،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر) نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی)نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث گائیڈ لائنز جاری کر دیں،جس کے مطابق مساجد اورعبادت گاہو ں میں صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی۔

ادھر پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ کورونا کے پھیلائو کے باعث پابندیاں نہیں لگائیں گے امید ہے لوگ خود احتیاط کرینگے جب کہ فی الوقت سکول بھی بند نہیں کررہے ، علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے مزید 6 ہزار 540 مثبت کیسز سامنے آئے جبکہ مزید 12 افراد جان کی بازی ہار گئے ، کورونا کیسز کی مثبت شرح 11.1 فیصد رہی۔ وفاقی وزیر مخدوم خسروبختیار،کراچی کے ایک ہسپتال کے 41ڈاکٹرز، نرسیں بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔ این سی او سی کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا ، اجلاس میں ملک میں عالمی وبا کے موجودہ حالات کا جائزہ لیا گیا ۔بعد ازاں این سی او سی نے جاری گائیڈ لائنز میں کہا ہے کہ کورونا کے پھیلائو کو روکنا اور صحت کے شعبے پر دباؤ کم کرنے کیلئے گائیڈ لائنز موثر ثابت ہوں گی، ایسے افراد جن کا ٹمپریچر 37.5 سینٹی گریڈ یا زائد ہو، کورونا ٹیسٹ مثبت ہو تو گائیڈ لائنز پر عمل کریں ، کورونا کے مریض اور علامات کا شکار افراد خود کو5 دن قرنطینہ کریں۔متاثرین گھر سے نکلنے میں گریز کریں۔

فون یا ای میل کے ذریعے دوسروں کے ساتھ رابطے میں رہیں، بخار، کھانسی، سانس لینے میں دشواری تو ڈاکٹرکو بتائیں، گھر میں سینے میں مسلسل درد، ہونٹ یا چہرہ نیلا ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ بیمار شخص، گھر میں دوسروں سے فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے الگ کمرے میں رہیں، کئی ہفتوں کی ادویات اور سامان تک رسائی کو ممکن بنایا جائے ، بیمار کی کئیر کرنے والے افراد،غیر ضروری مہمانوں سے اجتناب کریں، بیمار شخص اور اسکی کئیر کرنے والے ماسک کا استعمال کریں۔ گائیڈ لائنز کے مطابق مریض کو کھانا کمرے میں دیا جائے ، بہتر ہے مریض سے رابطہ ہونے کی صورت میں پانچویں دن کورونا ٹیسٹ کرائیں، غیرویکسین شدہ ،چھ ماہ ویکسین مکمل ہوئے بغیر بوسٹر والے افراد کورونا مریض سے ملنے کی صورت میں 10 دن قرنطینہ کریں،بوسٹر شدہ شخص کو مریض سے رابطے پر قرنطینہ کی ضرورت نہیں تاہم 10 دن ماسک کا استعمال کریں۔ علاوہ ازیں اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ عبادت گاہوں میں داخل ہونے والے افراد کے لیے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔

عبادت کے دوران 6 فٹ کے سماجی فاصلے کو بھی یقینی بنایا جائے ۔ مساجد سے جائے نماز اور قالین ہٹادی جائیں۔ بزرگ اور مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد گھر پر نماز پڑھنے کو ترجیح دیں۔ مساجد اور عبادت گاہوں میں عبادت کے دوران حاضری کم سے کم رکھی جائے ۔ سینیٹائزر کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے ،عبادت گزار گھروں سے وضو کر کے آئیں۔ کھلی فضا میں عبادت کی جائے ، ہوا کے لیے کھڑکیاں اور دروازے کھلے رکھے جائیں، نماز جمعہ کا خطبہ مختصر رکھا جائے ۔ این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 13 لاکھ 60 ہزار 19 تک جاپہنچی ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 58 ہزار 902 ٹیسٹ کیے گئے ۔ادھرحکومتی اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 63 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ زیر علاج مریضوں میں سے ایک ہزار 55 کی حالت تشویشناک ہے ۔

این سی اوسی کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق کوروناوائرس کے گزشتہ 24 گھنٹے میں سب سے زیادہ کیس سندھ میں 3359 رپورٹ ہوئے جب کہ پھیلائو کی شرح 22.33فیصد رہی، پنجاب میں کیس 1456اور مثبت شرح 6.85فیصد، آزاد کشمیر میں کیس133 اورمثبت شرح8.84 فیصد ، بلوچستان میں کیسز 43اور مثبت شرح 5.96فیصد، خیبر پختونخوا میں462کیسزاورمثبت شرح3.48 فیصد جبکہ گلگت وبلتستان میں کیسوں کی تعداد 13 اورمثبت شرح 2.95فیصد ہوگئی ہے ۔ اسلام آباد میں ایک دن میں کوروناوائرس کے مریضوں کا نیا ریکارڈ بن گیا، گزشتہ روز 1494کیسوں کی تصدیق ہوئی جبکہ پھیلائو کی شرح 17.52 ہوگئی ہے ۔ ادھر سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب عمران سکندر بلوچ کے مطابق ہفتے کے روز صوبے میں کورونا سے 4 مریض جاں بحق ، لاہور سے 2جبکہ راولپنڈی اور ملتان سے 1 ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے ۔

صوبائی وزیر کے مطابق گزشتہ روز صوبہ بھر سے کورونا کے 1456 نئے کیسز سامنے آئے ۔ لاہورسے کورونا کے 974 ، راولپنڈی 290، فیصل آباد 47، ملتان 41، سیالکوٹ 37 ،رحیم یار خان 21 ، بہاولپور 20، شیخوپورہ 13، ڈیرہ غازی خان 9 ، سرگودھا 7 ، گوجرانولہ اور اوکاڑہ 5 پانچ ، اٹک اور میانوالی سے 3 تین کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ لاہور میں شرح 12.8 فیصد، راولپنڈی 17 ،فیصل آباد 8.4 فیصد، ملتان 2.0 فیصد جبکہ گوجرانوالہ سے 0.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ادھر پنجاب میں او می کرون کے کل 100 کیس ، لاہور میں مزید 94 ، شیخوپورہ سے 6 کیس رپورٹ ہوئے ۔ علاوہ ازیں زیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبے میں گزشتہ روز 8 مریض انتقال کرگئے جبکہ 3359 نئے کیس رپورٹ ہوئے ، جن میں سے 2652 کا تعلق کراچی سے ہے ،جس سے مثبت شرح14.45 فیصد کی سطح پر جا پہنچی ہے ۔

انہو ں نے کہا اس وقت39596 مریض زیر علاج ہیں ، 367 کی حالت تشویشناک ، 21 وینٹی لیٹرز پر ہیں ۔ اسی طرح حیدرآباد 264،سانگھڑ 26، سجاول اور ٹنڈو محمد خان25۔ 25،بدین22،سکھر 17،میرپورخاص اور ٹھٹھہ 16۔ 16،تھرپارکر15، دادو، شہید بے نظیر آباد، شکارپور اور مٹیاری 13۔13، گھوٹکی، خیرپور اور جامشورو12۔ 12،ٹنڈو الہیار اور عمرکوٹ 10۔ 10،لاڑکانہ 9، جیکب آباد 6 اور کشمور میں سے 3 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ ادھر حیدر آباد میں کورونا میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ، شہر کی 70 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن کی جا چکی ہے ۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق 12 سال کی عمر کے 14 فیصد بچے بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔ علاوہ ازیں کراچی سے متحدہ عرب امارات جانے والے 99 مسافر کورونا میں مبتلا نکلے ، جس کے بعد تمام مسافروں کو سفرکرنے سے روک کر قرنطینہ کیلئے گھرروانہ کردیا گیا ہے ۔ ادھر صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں لاک ڈاؤن کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے ، این سی او سی کا فیصلہ تمام صوبوں کو ماننا پڑتا ہے ۔ ادھر گزشتہ روز ملک میں 7 لاکھ 58 ہزار 982 شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی۔

این سی او سی کے مطابق اب تک مجموعی طور پر ویکسین کی 17 کروڑ 14 لاکھ 70 ہزار سے زائد خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔ مزیدبرآں وزارت قومی صحت نے بیرون ملک سفر کیلئے کوروناوائرس کی حفاظتی ویکسین کی بوسٹر ڈوز کی فیس ختم کر دی ہے ۔ وزارت قومی صحت کے احکامات کے مطابق اضافی بوسٹر ڈوز کی فیس کا 27 اگست 2021 کونوٹیفکیشن واپس لے لیا گیاہے ۔ بیرون ملک جانے کیلئے مسافر ویزہ ا ور پاسپورٹ دکھا کر فری بوسٹر لگواسکتے ہیں۔ ادھر وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ امریکا میں روزانہ کورونا سے 2 ہزار سے زائد اموات ہو رہی ہے ، اومی کرون معمولی ہے لیکن پھر بھی یہ آپ کو مار دیتا ہے ،تازہ تحقیق بتاتی ہے اومی کرون سے بوسٹر ویکسین موثر بچائو ہے ، ویکسی نیشن کے 6 ماہ مکمل ہو گئے ہیں تو بوسٹر ویکسین لگوائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی و ترجمان حسان خاورکا کہناہے کہ ملک میں کورونا دوبارہ سر اٹھا رہا ہے ، عوام سے درخواست ہے کہ احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ اختیار کرنا کورونا سے بچا ئومیں مددگار ثابت ہو سکتا ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے تاحال این سی او سی کی گائیڈلائنزکونوٹیفائی نہیں کیا۔

لوگوں پر پابندی نہیں لگائیں گے ، امید ہے لوگ خودویکسین کے بغیرمساجد جانے سے اجتناب کریں گے ۔ مزیدبرآں وزیرتعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب میں کورونا کیسز کی شرح کو مدنظر رکھ کرسکول بندکیے جائیں گے ، فی الوقت سکول بند نہیں کررہے ،سکولوں میں پہلے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں کے پی کے حکومت نے پشاور میں کورونا مثبت کیسوں کی شرح10فیصد سے زیادہ ہونے کے فوری بعد مختلف پابندیاں عائد کرنے کیلئے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر پشاور کو مراسلہ جاری کردیا ہے ۔ادھراین سی او سی نے ٹویٹر پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک اور جعلی نوٹیفکیشن وائرل ہو رہا ہے جس میں کورونا وائرس کے باعث نئی پابندیوں کا ذکر کیا گیا ہے ، بیان کے مطابق ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے ۔ ادھر راولپنڈی میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر چھ ہوٹلوں اور تین دکانوں سر بمہر کر دیا گیا جبکہ تین ہوٹلوں پر جرمانہ عائد کیا گیاہے ۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیا نے وفاقی دارالحکومت کے 13 سیکٹرز او ر ذیلی سیکٹرز کی26 گلیوں میں سمارٹ لاک ڈائون لگانے کی سفارشات پر مبنی مراسلہ ضلعی انتظامیہ کو بھجوا دیاہے ۔ سیکٹر جی سکس فور کی سٹریٹ 13، جی سکس ٹو کی سٹریٹ 12، جی سکس ون تھر ی کی سٹریٹ 48، سیکٹر جی نائن ون کی سٹریٹ 74اور26، جی ٹین ٹو کی سٹریٹ 14,20,30 سیکٹر ایف ٹین ٹو کی سٹریٹ 3- 10,17 ، سیکٹر ایف الیون ون کی سٹریٹ 69، سیکٹر ایف ایٹ ون کی سٹریٹ69، 27، سیکٹر آئی ایٹ ٹو کی سٹریٹ 49,58، سیکٹرای ڈی ایچ اے کی سٹریٹ 8,12,5,13,32,13,، 2,4,11 میں کوروناوائرس کے زیادہ کیسز کی باعث سمارٹ لاک ڈائون لگانے کی سفارش کی گئی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں