پی ڈی ایم اجلاس : صدارتی نظام کی افواہیں مسترد، تحریک عدم اعتماد لانے پر مشاورت

پی ڈی ایم اجلاس : صدارتی نظام کی افواہیں مسترد، تحریک عدم اعتماد لانے پر مشاورت

اسلام آباد(سیاسی رپورٹر،دنیا نیوز،نیوزایجنسیاں )مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کی سٹیئرنگ کمیٹی کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم، سپیکر، ڈپٹی سپیکر، چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد لانے پر مشاورت کی گئی ۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں مولانا عبدالغفورحیدری، میر کبیر شاہی، احسن اقبال، حافظ عبدالکریم، سکندر شیر پاؤ  شریک ہوئے ۔اجلاس میں لانگ مارچ کی تیاری اور خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے پر غور ہوا۔ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی رپورٹ اور الیکشن کمیشن کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور سفارشات مرتب کی گئیں۔ سٹیئرنگ کمیٹی نے عدم اعتماد کی تحاریک سے متعلق فیصلے کا اختیار سربراہی اجلا س پرچھوڑ دیا۔

اس کے علاوہ اجلاس میں منی بجٹ، سٹیٹ بینک ترمیمی بل اور ای وی ایم کے استعمال کا معاملہ بھی زیر بحث آیا ،جبکہ صدارتی نظام مستردکرنے اور لانگ مارچ کی تاریخ نہ بدلنے کی سفارش کی گئی۔ اجلاس میں پہلے مرحلہ کے تحت سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی تجویز دی گئی ہے ۔ سٹیئرنگ کمیٹی نے کہا پارلیمانی نظام ہی ملکی مسائل کا حل ہے جبکہ منی بجٹ کے تحت 350 ارب کا ٹیکہ قوم کو لگایا گیا ۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا سفارشات پر غور کیلئے پی ڈی ایم کا سربراہ اجلاس 25جنوری کو ہوگا جس میں حتمی فیصلے ہونگے ۔سفارشات میں کہا گیا 23 مارچ کے لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل نہ کی جائے ،کمیٹی نے ای وی ایم کے ذریعے ووٹنگ اور صدارتی نظام کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمانی نظام ہی ملکی مسائل کا حل ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں