کسانوں کو کھاد نہیں مل رہی، خوراک کے بحران کا خدشہ : پیپلز پارٹی

کسانوں کو کھاد نہیں مل رہی، خوراک کے بحران کا خدشہ : پیپلز پارٹی

کراچی (سٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی اور وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ موجودہ نااہل اور نالائق وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں اور بدترین معاشی صورتحال نے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والوں کو مشکلات میں دھکیل دیا ہے ۔

زمینداروں اور کسانوں کو کھاد نہیں مل رہی ہے اور خدشہ ہے کہ آنے والے وقتوں میں خوراک کا بحران سر اٹھا ئے گا، بلاول بھٹو کی ہدایات پر ملک بھر میں زمینداروں اور کسانوں کو کھاد کی عدم دستیابی کے خلاف کسان مارچ کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ، کراچی سمیت سندھ بھر کے 5 اضلاع میں پیر کو احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی،ٹنڈوالہٰ یارواقعہ ذاتی دشمنی کاشاخسانہ ہے ،لیکن ایم کیوایم نے اس واقعے کو لسانی رنگ دینے کی کوشش کی ۔ ان خیالات کا اظہار پی پی رہنما ئوں نے ہفتہ کے روز کیمپ آفس میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

سعید غنی نے کہاکہ ٹنڈو الٰہ یار میں جس نے قتل کیا وہ گرفتارہے ،مقتول کے ورثاء کی مرضی کے تحت ایف آئی آرداخل ہوئی ہے ، بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر ملک بھر میں کسان مارچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں زمینداروں اور کسانوں نے حصہ لیا اور موجودہ نالائق اور نااہل وفاقی حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا، کسانوں کو کھاد کی عدم دستیابی کے خلاف ہم اپنے کسانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، شہید بینظیر آباد اور سکھر میں 24 جنوری کو کسان ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

پاکستان کے 22 کروڑ سے زائد عوام کا مسئلہ مہنگائی، گیس کا بحران، پٹرول، ڈیزل، چینی، ادویات سمیت روزمرہ کی اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہے لیکن وفاقی حکومت میں بیٹھے عمران نیازی کے 300ترجمان اس بات کو ماننے پر تیار نہیں ہیں ، حقیقت یہ ہے کہ ان نالائق اور نااہل حکمرانوں نے اس ملک کو عالمی سطح پر مہنگائی میں تیسرے نمبر پر لاکھڑا کردیا ہے ۔اس موقع پر وقار مہدی نے کہا کہ اس وقت صورتحال اس حد تک ابتر ہوگئی ہے کہ 16 سو روپے میں ملنے والی کھاد کی بوری کسانوں کو 35 سو روپے میں بھی دستیاب نہیں ہے اور اگر صورتحال میں کوئی بہتری نہ ہوئی تو فصلیں نہ ہونے سے خوراک کا بحران سر اٹھا سکتا ہے ۔

جماعت اسلامی کے دھرنے اور احتجاج کے حوالے سے سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ جماعت اسلامی احتجاج کررہی ہے ہم نے کچھ نہیں کہا، لیکن یونیورسٹی روڈ جیسی سڑک بند کرنے کاکسی کوحق نہیں، عوام کے لئے احتجاج کے دعویدارعوام کوپریشان کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں حیدرآباد میں پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما نوید قمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کوئی غیر آئینی راستہ اختیار کریں گے اور نہ ہی کسی کے آلہ کار بنیں گے ، 24 جنوری کو حیدرآباد میں کسان ریلی نکالی جائیگی جس کی قیادت بلاول بھٹو زرداری کریں گے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں