وزیراعظم دھمکیاں نہ دیں سامان اٹھائیں گھر جائیں : ن لیگ ، اقتدار سے نکلے تو تنہا ہونگے : پیپلز پارٹی

وزیراعظم دھمکیاں نہ دیں سامان اٹھائیں گھر جائیں : ن لیگ ، اقتدار سے نکلے تو تنہا ہونگے : پیپلز پارٹی

لاہور،اسلام آباد(سیاسی رپورٹرسے ،خصوصی رپورٹر ،ایجنسیاں)اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی نے وزیراعظم عمران خان کی عوام سے براہ راست گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار سے نکالنے پر خطرناک ہونے کی دھمکیاں گیدڑ بھبھکیاں ہیں ۔

 جس دن آپ اقتدار سے نکلے عوام شکرانے کے نفل پڑھیں گے ، اب رونے دھونے اور ڈرامہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، سامان اٹھائیں اور چلتے بنیں،آپ عبرت ناک شکست کھا چکے ہیں، پیپلزپارٹی نے کہا ہے کہ وزیراعظم اقتدارسے نکلے تو آگے پیچھے دائیں بائیں کوئی نہیں ہوگا،آپ کو مہنگائی، بیروزگاری کے ستائے ہوئے غریبوں کا سامنا ہوگا۔ گزشتہ روز اپنے ٹویٹر بیان میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کا کہناتھاکہ عمران خان کی تقریر کے ہر لفظ میں ناکامی جھلک رہی تھی ، نہ آپ نواز شریف ہیں جس کے پیچھے عوام کھڑے تھے نہ ہی بیچارے اور مظلوم ہیں، آپ سازشی ہیں اور مکافات عمل کا شکار ہوئے ہیں۔ مریم نواز نے کہاکہ جتنی دیر آپ اقتدار سے چپکے رہیں گے اپنی اور عوام کی مشکلات میں مزید اضافے کا باعث بنیں گے ۔

ان کاکہناتھاکہ عمرا ن خان کا لہجہ ایک شکست خوردہ انسان کا لہجہ تھا ،ان کے الفاظ سے اپنے اور تحریک انصاف کے مستقبل کے حوالے سے ناکامی، خالی امیدیں اور بد اعتمادی جھلک رہی تھی۔ انہوں نے مزید لکھا کہ عمران خان اب تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں ،تاریخ ہمیں ایسے لوگوں سے بچنے کا سبق سکھائے گی جو عوامی طاقت سے زیادہ سازشوں پر یقین رکھتے ہیں، یہ سب ناگزیر تھا، عمران خان تم تاریخ ہو۔ و زیراعظم نہ صرف شکست خوردہ بلکہ شکست کو تسلیم کیے ہوئے شخص نظر آئے ۔مریم نواز نے کہاکہ حکومت میں چار سال گزار کر بھی عمران خان رو کر فریاد کرتے نظر آئے ،جن مافیاز کی عمران خان شکایتیں کرتے ہیں وہ تو انکے دائیں بائیں کھڑے ہیں،جو مافیا 220 ملین لے اڑا وہی اسکا کچن چلاتارہا،تم نے مسلم لیگ اورشریف فیملی کے خلاف جھوٹے ،من گھڑت کیس بنائے ، عدلیہ کو مت الزام دو ۔

(ن) لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ردعمل میں کہا کہ عمران خان نے عوام سے گفتگو نہیں بلکہ نوکری میں توسیع کی درخواست کی ،جس کی نوکری نوٹس پیریڈ پر چل رہی ہو وہ شہباز شریف کو تو یاد کرے گا ، وزیراعظم کی تقریر ایک ہارے ہوئے ، مایوس، نالائق اور چور ثابت ہوجانے والے شخص کے جذبات کا اظہار تھا ،عمران صاحب گھبرانے کا نہیں، اب گھر جانے کا وقت ہے ،چار سال میں عوام کے لئے کچھ کیا ہوتا تو نوازشریف، شہباز شریف نہ کرنا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف مسکراتا رہے گا، عمران صاحب روتے رہیں گے ۔نواز، شہباز نے قوم کی دعائیں لیں، عمران صاحب نے بددعائیں لیں۔ رانا ثنااللہ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ پتا نہیں عمران خان کے کرائے کے ترجمان انکے جانے کی باتیں کیوں کر رہے ہیں ؟ ۔ انہوں نے کہا باس اور چپڑاسی کہیں جانے اور منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے ہیں ،کہیں جا نہیں رہے تو پھر ہواکیوں نکلی ہوئی ہے ؟ ۔

جس پارٹی کا سیکرٹری اطلاعات سربراہ اور ٹیم کو گدھا کہے ، اُن کی حقیقت ڈراموں سے نہیں بدلے گی،بیانات کی آکسیجن اسے زندہ نہیں رکھ سکتی ،نیازی ڈرا مے کا دی اینڈ ہوچکا ہے ۔ ن لیگ کے رہنما اورچیئرمین پی اے سی رانا تنویر حسین نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کی دھمکیوں سے کچھ نہیں ہو گا، ملک کا بیڑا غرق کرنے والے ملک وقوم کی جان چھوڑیں ،مکار،فریب ،جھوٹ کی سیاست اب نہیں چلے گی ،نیا پاکستان بنانے کے دعویدار نے ملک کا جوحال کیا ہے ،اس پر قوم اسے کبھی معاف نہیں کرے گی۔ سلیکٹڈ کا جانا اب ٹھہر چکا ،پی ڈی ایم کے لانگ مارچ سے قبل ہی نااہل حکمران اپنے منطقی انجام کو پہنچ جائینگے ۔ ترجمان پیپلزپارٹی شازیہ مری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نالائق وزیراعظم نے ٹی وی چینلز پر فرمائشی پروگرام ہوسٹ کیا ،ساڑھے تین سال میں صرف وزیراعظم غربت کی لکیر سے اوپر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا ہم انتقام کی سیاست نہیں کرتے مگر ملک کا حشر نشر کرنے والے کو چھوڑیں گے نہیں، اکبر ایس بابر کے بعد احمد جواد نے عمران خان کی اصلیت بے نقاب کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تم نے مخالفین کی بہنوں، بیٹیوں کے ساتھ جو سلوک کیا خود کو بھی ایسے سلوک کے لیے تیار رکھو ، 27 فروری کو عوام تمہیں اقتدار سے بھگانے کیلئے اسلام آباد آرہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں