چاہتا ہوں ہر مدعی کو انصاف ملے اور ہر مجرم جیل میں ہو : بزدار

چاہتا ہوں ہر مدعی کو انصاف ملے اور ہر مجرم جیل میں ہو : بزدار

لاہور(سیاسی رپورٹر سے ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے نوٹس پر لاہور پولیس ن 14 واقعات میں ملوث ملزم ٹریس کرلیے ۔

بزدارکو پولیس حکام نے خطرناک جرائم کے بارے میں نوٹس پرکارروائیوں کی حتمی رپورٹ پیش کی۔وزیراعلیٰ نے تین ماہ میں جاری کردہ نوٹسز کے احکامات پر عملدرآمدکا جائزہ لیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیس سے متعلق15میں سے 14نوٹس پرکارروائی مکمل کر کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچادیاگیا، بیشتر ملزم جیل پہنچ گئے ۔14خطرناک جرائم کے مقدمات وزیراعلیٰ کے نوٹس کے بعد کارروائی کیلئے عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔بیشتر ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے جوڈیشل حوالات منتقل کردیاگیا۔ وزیراعلیٰ کاکہنا تھا کہ نوٹس لینے کامقصد عوام کو فوری اورجلد انصاف کی فراہمی ہے ۔میں چاہتا ہوں کہ ہر مدعی کو انصاف ملے اورہر مجرم جیل کے اندر ہو۔میڈیا اوردیگر ذرائع سے آنے والی خبروں کا جائزہ لے کر نوٹس کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دسمبر2021 میں ماڈل ٹاؤن کچہری میں قیدیوں کے تصادم پر وزیراعلیٰ کے نوٹس پر27ملزم پکڑے گئے ۔ نواب ٹاؤن میں نومبر2021میں فائرنگ کے 6ملزم گرفتار کر کے جوڈیشل حوالات بھیج دیئے گئے ۔ دسمبر2021میں پنجاب یونیورسٹی میں طالبہ سے زیادتی کے مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچا دیاگیا۔سندر میں 2لڑکیوں کے اغوا کے ملزم کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیاگیا۔ہربنس پورہ میں دسمبر2021میں بچے سے زیادتی کے ملزم زبیر اوراسلم کو جیل بھیج دیاگیا۔ڈولفن پولیس کی ٹاؤن شپ میں شہری پر فائرنگ پروزیراعلیٰ کے نوٹس کے بعد کانسٹیبل فیصل کو گرفتار کر کے حوالات بھیج دیاگیا۔ 27دسمبر کومسلم ٹاؤن میں ایف بی آر کے ملازم سلمان بٹ پر فائرنگ کے تین ملزم اعجاز،موسیٰ اوررانا تفسیرکو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

نشتر کالونی میں بچے پر ڈولفن اہلکارکی فائرنگ کے نوٹس پر پولیس اہلکاراظہر لطیف کو گرفتار کرکے حوالات بھیج دیاگیا۔ادھر وزیراعلیٰ سے پی ٹی آئی کے رہنما ابرارالحق اورمیجر (ر)اسرار الحق نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور عمومی سیاسی صورتحال اور نارووال اورلاہورکے ترقیاتی منصوبوں پر گفتگوکی گئی اورلاہور ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے اور شاہدرہ موڑملٹی لیول گریڈ سیپریشن کے پراجیکٹس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی ٰ نے بتایا کہ ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے بننے سے شہر کی دوسری سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا۔یہ حکومت کا لاہور کے شہریوں کیلئے تحفہ ہے ۔ شاہدرہ موڑ ملٹی لیول گریڈ سیپریشن فلائی اوور منصو بے سے جی ٹی روڈ کی ٹریفک کو ریلیف ملے گا ۔ دریں اثنا عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد میں ہی عافیت اورخیریت ہے ۔

انہوں نے واضح کیا کہ پابندیاں نہیں لگانا چاہتے ،عوام احتیاط کریں۔اومیکرون معمولی وائرس نہیں،خطرناک ہوسکتا ہے ،ویکسی نیشن اوربوسٹرڈوزبہت ضروری ہے ۔مساجد میں ایس او پیز کے مطابق باجماعت نمازکی ادائیگی کا اہتمام کیا جائے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں