کراچی : 4علاقوں میں لاک ڈائون، اسلام آباد کے 10تعلیمی ادارے بند

کراچی : 4علاقوں میں لاک ڈائون، اسلام آباد کے 10تعلیمی ادارے بند

لاہور،کراچی ،اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں،دنیا نیوز،خصوصی رپورٹر) کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح41فیصد سے بڑھ گئی۔

شہر قائد میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ضلع وسطی کے چار علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیاگیا ۔این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں 7ہز ارسے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 20افراد جاں بحق ہو گئے ۔کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 41اعشاریہ تین دو تک پہنچ گئی ۔ سندھ بھر سے 3ہزار 359جبکہ کراچی سے 2ہزار 831کیسز رپورٹ ہوئے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گلبرگ، نارتھ کراچی، لیاقت آباد اور نارتھ ناظم آباد کے مختلف علاقوں اور رہائشی یونٹس میں پانچ فروری تک سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔لاہور میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 14اعشاریہ چار فیصد ریکارڈ کی گئی ،مزید ایک ہزار 323کیسز رپورٹ ہوئے ۔

اومیکرون کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے طبی عملہ بھی لپیٹ میں آ گیا، سروسز ہسپتال کے 15ڈاکٹروں میں اومیکرون وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ سروسز ہسپتال کے سرجیکل وارڈ کے 6،گائنی وارڈ کے 5اورمیڈیکل وارڈ کے 5ڈاکٹروں میں اومیکرون وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ڈاکٹروں کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے ۔اسلام آباد میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ تیز ہوگیا، ہیلتھ حکام نے 13 علاقوں کی مزید 28 گلیوں میں نقل و حرکت پر پابندی لگانے کی تجویز دیدی ۔ اسلام آباد میں ضلعی محکمہ صحت نے کورونا وائرس کے مثبت کیس آنے پر مزید 10 تعلیمی ادارے سیل کرنے کا حکم دیا ہے ۔اب تک اسلام آباد میں 50 سے زائدسکول،کالج اور یونیورسٹیاں بند کی جاچکی ہیں ۔

24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی سے 347 ، فیصل آباد 83، ملتان 32 اور رحیم یار خان سے 27کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 97 ہو گئی ہے ۔سندھ 5 لاکھ 23 ہزار 774 کیسز کے ساتھ ملک کا سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے ۔دوسری جانب مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کورونا کا شکار ہو گئے ،مرتضیٰ جاوید نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں