وزیراعظم مشیروں کے غلط مشوروں سے خبرداررہیں:شجاعت

وزیراعظم مشیروں کے غلط مشوروں  سے خبرداررہیں:شجاعت

لاہور (سیاسی رپورٹرسے )سابق وزیراعظم چودھری شجاعت نے کہا ہے وزیراعظم عمران خان مشیرو ں کے غلط مشوروں پر محتاط رہیں، وزیراعظم یہ دیکھیں کہ ان کے مشیر کس کی گیم کھیل رہے ہیں، کیسے کھیل رہے ہیں اورکیوں کھیل رہے ہیں۔

عمران خان کو کہہ رہا ہوں وہ اپنے مشیروں اور سیاسی ترجمانوں کے غلط مشوروں سے نہ صرف محتاط بلکہ خبردار رہیں۔ جب عمران خان کو ان کا کوئی مشیر مشورہ دیتاہے تو اس میں کوئی نہ کوئی اینگل ہوتا ہے ، جس کا نقصان صرف عمران خان کو ہورہا ہے ۔ عمران خان نے یہ بیان کسی دشمن نما دوست کے مشورے پرہی دیئے کہ ‘‘مجھے اسمبلی میں بولنے نہیں دیتے ’’، میڈیا میں آ کر بولتا ہوں،‘‘ اگر مجھے ہٹایا گیا توپہلے سے زیادہ خطرناک بن جاؤں گا’’۔

عمران خان کو اسمبلی میں بولنے نہیں دیا جاتا تو وہاں بیٹھے مراعات یافتہ ارکان کیا گونگے بہرے ہیں جو دوسروں کو وزیراعظم کے خلاف بولنے دیتے ہیں، اگر ہم کسی قسم کے بیان کو درستگی کیلئے کہیں تو وہ ان پڑھ مشیر فوراً عمران خان کے کان میں کہتے ہیں کہ آپ ان کے ساتھ کوئی نرم رویہ اختیار نہ کریں،اصل بات مشیروں کو پتہ ہوتی ہے لیکن وہ موقع کی تلاش میں رہتے ہیں کہ وزیراعظم کوکس طرح اپنے مطلب کے مطابق گائیڈ کریں۔

وزیراعظم عمران خان کو یہ یقین ہونا چاہئے کہ جو لوگ ان کے ساتھ مخلص ہیں ان کے مشورے کو غور سے سنیں نہ کہ ان کو اپنا دشمن سمجھیں،عمران آج کل مہنگائی کے متعلق بیان دے رہے ہیں اور مختلف جگہوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ مہنگائی اورمعیشت کو خراب کرنے کے ذمہ دار ہیں،ان کے مشیر یہ نہیں بتاتے کہ جب بھی پٹرول کی قیمت بڑھائی جاتی ہے تو اس کا فائدہ ذخیرہ اندوزوں کو ہوتا ہے جو سستا پٹرول ڈبل قیمت میں فروخت کرتے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں