جہاز پی این ایس طغرل،10سی کنگ ہیلی کاپٹرز کی پاک بحریہ میں شمولیت

جہاز پی این ایس طغرل،10سی کنگ  ہیلی کاپٹرز کی پاک بحریہ میں شمولیت

اسلام آباد ( سیا سی رپورٹر) پاک بحریہ کے لئے تعمیر کئے جانے والے چار 054 ایلفا کثیر الجہتی فریگیٹس میں سے پہلے جہاز پی این ایس طغرل اور 10 سی کنگ ہیلی کاپٹرز کی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت کی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں ہوئی، صدر عارف علوی مہمان خصوصی تھے۔

پاک بحریہ کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان نیوی ڈاکیارڈ آمد پر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔پاک بحریہ کے لئے چار 54 ایلفا فریگیٹس کی تعمیر کا معاہدہ پاکستان اورچین کے مابین جون 2018 میں طے پایا۔اس سلسلے کا پہلا جہاز پی این ایس طغرل اور قطر کی حکومت کی جانب سے تحفے میں دئیے گئے سی کنگ ہیلی کاپٹرز پیر کو پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل کئے گئے ۔

مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں سٹیٹ آف دی آرٹ جہاز پی این ایس طغرل اور سی کنگ ہیلی کاپٹرز کی بیڑے میں شمولیت کو سراہا۔ انہو ں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ جدید اور اعلٰی صلاحیتوں کا حامل پاک بحریہ کا بیڑ ا پوری لگن سے ملکی سمندری حدود کا دفاع اورحکومتی پالیسی کے مطابق امن و استحکام کے فروغ میں کردار ادا کرتا رہے گا۔

صدر مملکت نے موجودہ چیلنجنگ سکیورٹی ماحول میں بحری دفاع کے لئے جدید صلاحیتوں کے حامل سطح آب، زیر آب اور فضائی پلیٹ فارمز کی ضرورت پر زور دیا۔خطبہ استقبالیہ میں امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ پی این ایس طغرل اور سی کنگ ہیلی کاپٹرز کی شمولیت سے پاک بحریہ کی ملکی سمندری حدود اور میری ٹائم مفادات کے تحفظ کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں