وزیراعظم کو ولی عہد ابوظہبی کا فون لاہور دہشتگردی کی مذمت

وزیراعظم کو ولی عہد ابوظہبی کا فون  لاہور دہشتگردی کی مذمت

اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان کو ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر محمد بن زید نے پیر کو ٹیلی فون کیا اور لاہور میں دہشتگردی کے واقعہ میں جانی نقصان کی مذمت کی۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ابو ظہبی کے ولی عہد نے تمام متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ ولی عہد نے پاکستان کی قیادت، حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔ وزیراعظم نے تعزیت اور حمایت کے بھرپور اظہار پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا دہشتگرد حملوں میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے ، مختلف فورمز پر تعاون بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر قریبی رابطہ جاری رکھنے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں