عمران خان سڑکوں پرآئیں یادفتر عوام کیلئے خطرناک :سراج الحق

عمران خان سڑکوں پرآئیں یادفتر  عوام کیلئے خطرناک :سراج الحق

لاہور ،کراچی (سیاسی نمائندہ،نیوز ایجنسیاں ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ عمران خان سڑکوں پر آئیں یا دفتر میں بیٹھیں، دونوں صورتوں میں عوام کیلئے خطرناک ہیں۔

 واضح ہوچکا ہے کہ وزیراعظم خود ناکامی کا اعتراف کررہے ہیں، انہیں عوام کی نہیں، جانے کی فکر سے ان کی راتوں کی نیند اڑگئی۔ سونامی، تبدیلی، ریاست مدینہ اور پتا نہیں کون کون سے دعوؤں کے محلات تعمیر کیے گئے ، ساڑھے تین برس کی کارکردگی پر پی ٹی آئی والے عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں۔

وزیراعظم کی ٹیم کے استعفے آرہے ہیں، تعداد گیارہ ہوگئی۔ کراچی میں صوبہ سندھ کے پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ، افراط زر میں اضافہ، گردشی قرضے ، بے روزگاری کا طوفان پی ٹی آئی کی ساڑھے تین سال کی پرفارمنس رپورٹ ہے ۔

دو بڑی اپوزیشن جماعتیں معصوم بننے کی کوشش نہ کریں۔ سندھ کا بلدیاتی قانون آئین و قانون سے متصادم اور بنیادی جمہوریتوں کے اصولوں کی نفی ہے ۔ کراچی کے 3کروڑ شہریوں کو حقوق پر ڈاکا نہیں ڈالنے دینگے ۔ سندھ کے عوام کو جاگیرداروں اور وڈیروں کے چنگل سے نجات دلائیں گے ۔ قوم کو پارلیمانی و صدارتی نظام کی فضول بحث میں الجھایا جا رہا ہے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں