پی ڈی ایم ضمنی الیکشن نہ لڑنے :فضل الرحمٰن :مہنگائی پر جلد قابو پالیں گے:شہباز شریف

پی  ڈی  ایم  ضمنی  الیکشن   نہ  لڑنے :فضل  الرحمٰن :مہنگائی   پر  جلد  قابو   پالیں  گے:شہباز  شریف

لاہور (سپیشل رپورٹر، دنیا نیوز،سیاسی نمائندہ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تخریبی نہیں تعمیری سیاست پریقین ہے ،مہنگائی پرجلد قابو پالیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

 ماڈل ٹائون میں ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، پارٹی ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے اس موقع پر کہا کہ پی ڈی ایم کو قومی اسمبلی کے آئندہ ماہ ہونے والے ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لینا چاہیے ، پنجاب و خیبر پختونخوا میں امن و امان اور اقتصادی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہی الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ دینی چاہیے ، شہباز شریف نے کہا آل پارٹیز کانفرنس میں تمام جماعتوں کو الیکشن اور معیشت سمیت تمام قومی امور پر متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے ، مولانا صاحب! ہم ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے کیلئے دن رات کوشش کر رہے ہیں، مہنگائی کی لہر پر جلد قابو پا لیں گے ،ہم تعمیری سیاست پر یقین رکھتے ہیں، یہ وقت تخریبی سیاست کا نہیں۔دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے مریم نواز کی مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر بننے کے بعد پہلی ملاقات گزشتہ روز ماڈل ٹائون میں ہوئی ، پارٹی ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں نے پارٹی کی تنظیم سازی اور ملک بھر میں مریم نواز کے جاری ورکرز کنونشنز کے انعقاد پر مشاورت کی ،اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے پارٹی کے ناراض رہنمائوں کو منانے کا فیصلہ کیا ،شاہد خاقان عباسی کے پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کے معاملے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی ،دونوں نے شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کیا ، مریم نواز نے کہا شاہد خاقان عباسی نواز شریف کے دیرینہ ساتھی ہیں،شہباز شریف نے مریم نواز کو شاہد خاقان عباسی سے جلد ملاقات کی ہدایت کر دی، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ممکنہ انتخابات کے معاملے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی ، شہباز شریف نے کہا انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں ، الیکشن کمیشن کی مقرر کردہ تاریخ پر مسلم لیگ ن بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لے گی، شہباز شریف اور مریم نواز کے درمیان ملک میں جاری مہنگائی کی لہر پر بھی گفتگو ہوئی ،مریم نواز کی درخواست پر مہنگائی سے چھٹکارے بارے ریلیف دینے پر مشاورت کی گئی ،شہباز شریف لیگی کارکنوں کو انتخابات کے حوالے سے بھی پیغام جلد جاری کرینگے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے کہا پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے ، سب کو اجتماعی کوشش کرنا ہوگی،کوشش کر رہے ہیں معاشی مشکلات پر قابو پالیں، گزشتہ حکومت کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ آج عوام بھگت رہے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے ،اوورسیز پاکستانیوں کیلئے پہلے بھی اقدامات کئے اب بھی کرینگے ، نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو معاشی اور ایٹمی قوت بنایاہے ، اوورسیز پاکستانیوں کو آگے بڑھ کر شہریوں کی مدد کرنی چاہیے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں