وزیرخزانہ نے ایف بی آر افسروں کو مراعات دینے سے روکدیا

وزیرخزانہ نے ایف بی آر افسروں کو مراعات دینے سے روکدیا

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی،دنیا نیوز)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایف بی آر افسروں کو مراعات دینے سے روک دیا، مراعات روکنے کا فیصلہ موجودہ معاشی صورتحال کے باعث کیا گیا۔

ایف بی آر کی جانب سے گریڈ 17 سے 22 کے افسروں کو مراعات دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، پوائنٹ آف سیلز فیس سے افسروں کو مراعات دینے کا نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا،مراعات میں ایف بی آر افسروں کو مکان کا کرایہ، سامان لینے کیلئے فنڈز دینے کی منظوری دی گئی تھی، ہیڈکوارٹر الاؤنس سمیت بچوں کیلئے سکالرشپ دینے کی بھی منظوری شامل تھی، وزیر خزانہ نے افسروں کو مذکورہ مراعات دینے سے روک دیا، دریں اثنا اسحاق ڈار نے اپنے ٹویٹ میں کہا عمران خان کا غیر ذمہ دارانہ ٹویٹ صرف ملک کی سلامتی کی صورتحال اور سیاسی ماحول کو خراب کرنے کیلئے کیا گیا ہے ، 2022 میں دنیا کی 24ویں بڑی معیشت سے 47ویں نمبر پر آنے والی پاکستانی معیشت کی تباہی عمران کی بیڈ گورننس، نااہلی اور بے مثال قرضوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ ذخیرہ اندوزی، بدانتظامی اور بدعنوانی کی حکمرانی نے پاکستان کے عوام کو انتہائی مہنگائی اور ناقابل برداشت مصائب کا شکار کیا ہے ،ہر کوئی جانتا ہے کہ عمران خان ایک خودغرض، نرگسیت پسند، خبط عظمت کا شکار شخص ہے جو وزیر اعظم کے عہدہ سے آئینی طور پر ہٹائے جانے کے بعد سے غصیلہ ہو گیا ہے ، وزیر اعظم شہباز شریف اور عمران خان کا موازانہ بڑا آسان ہے ، شہباز شریف نے عمران خان کو ایک سیاسی جماعت سربراہ کے طور پر ملک کی سکیورٹی اور نیشنل ایکشن پلان کے حوالہ سے قومی مکالمہ میں مدعو کیا ہے جس سے ہر پاکستانی متاثر ہوا ہے لیکن عمران خان کا اس حوالہ سے انتہائی غیر مہذب اور گھٹیا انداز میں ردعمل چونکا دینے والا ہے انہوں نے اس تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان اپوزیشن میں عزت سے رہنے کی بجائے ملک کی پستی کو دیکھنا پسند کرے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں