دنیا کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف خاموشی توڑے :کائرہ

دنیا کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف خاموشی توڑے :کائرہ

اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و رہنما پیپلزپارٹی قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیر کے معصوم لوگوں پر بھارت کے مظالم اور بربریت کیخلاف خاموشی توڑنی چاہیے۔

یوم یکجہتی کشمیر منانے کا واحد مقصد عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے ،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وزارت خارجہ ، امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے زیر اہتمام منعقدہ مشترکہ یکجہتی واک سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ واک کے دوران کشمیریوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ سابق بھارتی وزیر اعظم نہرو نے کشمیریوں کے ساتھ وعدہ کیا تھا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے تنازع کو حل کریں گے ،پاکستانی قوم نسل در نسل کشمیر کاز کی توثیق اور تائید کر رہی ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کے سینئر رہنما غلام محمد صفی نے کشمیریوں کی حمایت کرنے پر پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عالمی برادری پر زور دیا جائے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کے خلاف بھارت کے ظلم و ستم کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں