اگلے ہفتے تک پاکستان کی سمت کا تعین ہونے والا ، اسد عمر

 اگلے ہفتے تک پاکستان کی سمت کا تعین ہونے والا ، اسد عمر

لاہور ،ملتان(سیاسی رپورٹر سے ، نیوز ایجنسیاں)تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ اس ہفتے کے آخر تک فیصلہ آجائے گا کہ پنجاب الیکشن کی طرف جا رہا ہے ، اگلے ہفتے تک پاکستان کی سمت کا تعین ہونے والا ہے ،پرانے نظام کے دن ختم ہورہے ہیں۔

قوم فیصلہ کر چکی ہے اب کوئی انہیں روک نہیں سکتا،کبھی پرویز الٰہی تو کبھی شاندانہ گلزار کے گھر پر چھاپے مارے جاتے ہیں، ملک نازک دور سے نہیں تاریخ ساز دور سے گزر رہا ہے ، میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں دو طرح کے دہشتگرد ہیں، ایک دہشت گرد وہ ہیں جو خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کررہے ہیں، دوسرے دہشت گرد آئین قانون توڑ کر حکومتی معاملات چلا رہے ہیں۔ کھلم کھلا دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ انتخابات 90 دن میں نہیں کروائیں گے ، آئین توڑنے کی باتیں چھوڑ دیں، میدان میں آئیں اورمقابلہ کریں۔ ملتان میں الیکشن کمیشن کے آفس کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جھوٹے مقدمات میں پکڑدھکڑ اور چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے ، پی ٹی آئی کو دیوار سے لگانے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے ۔ پنجاب میں انتقامی کارروائی کا ماحول دکھائی دے رہا ہے ۔مرکزی رہنما تحریک انصاف فواد چودھری نے ٹویٹ میں کہا کہ نگران حکومتوں کے وزرا اعلیٰ اور وزرا نے اپنے اثاثے ابھی تک ڈیکلیئر نہیں کئے ، آئندہ چوبیس گھنٹوں میں اثاثے ڈیکلیئرنہیں کئے تو عدالت سے رجوع کروں گا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں