آئین تمام اداروں میں توازن کا ضامن :شہباز شریف

آئین تمام اداروں میں توازن کا ضامن :شہباز شریف

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،سیا سی رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کراچی میں رمضان المبارک کے ایام میں گیس کی قلت کا نوٹس لیا ہے توقع ہے کہ جلد ہی یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔

 قومی اسمبلی میں آغا سید رفیع اللہ نے نکتہ اعتراض پر کہا کراچی میں سحر وافطار کے دوران لوگوں کو گیس کی قلت کا سامنا ہے جس پروزیراعظم نے کہا میں نوٹس لے چکا ہوں، ہم نے اس ضمن میں اجلاس رکھا ہے توقع ہے جلد ہی یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔علاوہ ازیں شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن)سے تعلق رکھنے والی خواتین ارکان پارلیمنٹ کے 18 رکنی وفد نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں خواتین کے فعال کردار کو سراہا۔وزیر اعظم نے گفتگو میں کہا خواتین پاکستان کی آبادی کا 51 فیصد ہیں۔ قانون سازی میں خواتین کی شمولیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔انہوں نے کہا آئین تمام اداروں کے درمیان توازن کا ضامن ہے ۔پارلیمنٹ کو انتظامی امور میں بہتری کے لیے قانون سازی کا اختیار حاصل ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا پنجاب میں اپنے دور حکومت میں خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے بہت سے اقدامات کئے ۔ شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے بھی ملاقات کی ۔ وفد میں کنوینر خالد مقبول صدیقی اور وفاقی وزیر امین الحق شریک تھے ۔ملاقات میں وفاقی وزیر سردار ایاز صادق بھی شریک ہوئے ۔ متحدہ رہنمائوں نے وزیر اعظم کو قومی اسمبلی میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کی منظوری پر مبارکباد پیش کی۔وفد نے وزیر اعظم کو مردم شماری کے حوالے سے اپنے تحفظات اور کراچی کے مسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے متحدہ کے تمام تحفظات کو دور کرنے اور انکے مسائل کے حل کی فوری ہدایات جاری کیں۔وزیراعظم سے رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے ملاقات کی اور اپنے حلقے (گوادر -لسبیلہ ) میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے حلقے کے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بلوچستان بالخصوص گوادر کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا یورپی یونین کے ہائی رسک ممالک کی فہرست سے پاکستان کا نکلنا اہم کامیابی ہے ۔ اس سے ملک میں کاروبار کو فروغ ملے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس کامیابی سے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے مالی ذرائع کے خلاف پاکستان کے عزم کی عکاسی ہورہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں