نوازشریف کی نااہلی عام قانون سے کیسے بدل سکتے ہیں :فواد

نوازشریف کی نااہلی عام قانون  سے کیسے بدل سکتے ہیں :فواد

لاہور (سیاسی رپورٹر سے ، نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چودھری نے کہا کہ حکومت نے نواز شریف کو نااہلی کے خلاف ریلیف دینے کیلئے چوری چھپے ترمیم کروائی،انھوں نے پھر ثابت کیا یہ کتنے بڑے فراڈ یئے ہیں۔

 اپنے ٹویٹ میں فوادنے کہاکہ نواز شریف کی نااہلی آرٹیکل 184(3) کے تحت ہوئی عام قانون سے آپ اس کو کیسے بدل سکتے ہیں، نواز شریف آ کر ٹرائل کا سامنا کریں چور دروازے استعمال کرنا بند کریں۔فواد نے کہا کہ پوری قوم سپریم کورٹ کے پیچھے کھڑی ہے ، جج صاحبان کے آپس کے معاملات سے ہمارالینا دینا نہیں،سپریم کورٹ کو کمزور ہونے دیں گے نہ ان کے فیصلوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش برداشت کریں گے ۔فواد نے کہا کہ سپریم کورٹ آئین پرناک کی سیدھ پرچلے ،فیصلوں پر عملدرآمد کی ذمہ داری عوام پر چھوڑے ، عمل عوام کروائیں گے ۔انٹرویو میں فواد نے کہا کہ آرمی چیف کی طرف سے مکمل خاموشی ہے ،پاکستان انتظار کر رہا ہے کہ آرمی چیف کا بیانیہ کیا ہے ؟ اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے عمران خان کی مذاکرات کی پیش کش کا کوئی جواب نہیں آیا۔پی ٹی آئی کا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ احترام کا تعلق ہے ، ہمارا ان کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں۔ آرمی چیف ملک کے طاقتور ترین شخص ہیں، موجود صورتحال میں وہ کیا سوچ رہے ہیں یہ انتہائی اہم ہے ۔ ملک کو اگر دلدل سے باہر نکالنا ہے تو آرمی چیف نے جو تقریر کی تھی اس کی طرف عملی قدم بڑھانا ہوگا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں