9مئی واقعات سے کوئی تعلق نہیں،دفاعی تنصیبات کو نقصان پہنچنے پر شرمندہ ہیں:پی ٹی آئی سینیٹرز

9مئی  واقعات  سے  کوئی  تعلق  نہیں،دفاعی  تنصیبات  کو  نقصان  پہنچنے پر  شرمندہ  ہیں:پی  ٹی  آئی  سینیٹرز

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)تحریک انصاف کے سینیٹرز نے 9مئی کے واقعات سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا،ایوان بالا میں ایک قرارداد جمع کرائی جس میں 9 مئی کو ہونے والے واقعات کی مذمت کی ہے ۔

دفاعی تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے ،ہم شرمندہ ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرز فیصل سلیم ،ہمایوں محمد،سیمی ایزدی،فلک ناز چترالی، زرقا سہروردی نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کی۔ سینیٹر فیصل سلیم نے کہا کہ ہم نے ایوان بالا میں ایک قرارداد جمع کرائی ہے ،9 مئی کو ہونے والے واقعات کی مذمت کی ہے ۔سینیٹرہمایوں محمد کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے لوگ فوج کیلئے مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں،ان کے دل دکھتے تو میمو گیٹ اور ڈان لیکس سکینڈل نہ ہوتے ۔پاکستان ایک ا چھی سمت میں چلا جائے گا اور اچھا وقت ضرور آئے گا۔سینیٹر سیمی ایزدی نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں،انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔سیمی ایزدی نے کہا کہ میرا خاندان آرمی سے تعلق رکھتا ہے ، ہم تصور بھی نہیں کرسکتے کہ کوئی آرمی تنصیبات پر حملہ کرے ، جو لوگ اس واقعے میں ملوث ہیں انہیں سزا ملنی چاہیے ۔ سینیٹر فلک ناز نے کہا کہ9 مئی کا دن میری زندگی کا سب سے منحوس دن ہے ، پارٹی اور سینیٹرز کی جانب سے 9 مئی کے واقعات پر جتنی مذمت کروں کم ہے ،سب سے پہلے پاکستان اور پاک فوج ہے اس کے بعد پارٹی ہے ۔نو مئی کو پاکستان کے شہدا کی یادگار اور املاک کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں۔سینیٹرڈاکٹر زرقا سہروردی نے کہا کہ 9 مئی کو جو ہوا ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں اور اس کے بعد باقی چیزیں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ رانا ثنا اللہ نے اس دن پریس کانفرنس کی، جیل میں خواتین کے ساتھ جو ہوا اس کی مذمت کرتے ہیں، اس پر ہم نے ایک قرار دار تیار کر لی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ 9 مئی کے واقعے میں ملوث ہیں انہیں قرار واقعی سزا ہونی چاہیے ، بے گناہ لوگوں کو رہا کیا جانا چاہیے اور سول عدالتوں میں مقدمے ہونے چاہئیں۔تحریک انصاف کے سینیٹرزکی جانب سے پریس کانفرنس سے قبل سینیٹ سیکرٹریٹ میں نو مئی کے واقعات سے متعلق مذمتی قرارداد جمع کروائی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عسکری اور تاریخی عمارتوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ ایوان 9 مئی کو جی ایچ کیو، جناح ہاؤس پر ہونے والے پُرتشدد حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں