زرعی ٹیوب ویل سولر ائزیشن منصوبہ منظور،کسانوں کا مہنگی بجلی کا مسئلہ حل کرینگے:مریم نواز

زرعی ٹیوب ویل سولر ائزیشن منصوبہ منظور،کسانوں کا مہنگی بجلی کا مسئلہ حل کرینگے:مریم نواز

لاہور (اے پی پی)کسانوں کو بجلی کے بھاری بلوں اور ڈیزل کے اخراجات سے نجات دلانے کے عزم کو عملی جامہ پہناتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نوازنے زرعی ٹیوب ویل سولرائزیشن پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔

 وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا 25 ایکڑ اراضی کے مالک کاشتکار زرعی ٹیوب ویل سولر رائزیشن پراجیکٹ کے اہل ہوں گے ۔کاشتکار کو صرف 33فیصدادائیگی کرنا ہو گی، 67فیصد ادائیگی حکومت کرے گی۔ پہلے مرحلے میں 7ہزار ٹیوب ویل سولر انرجی پر منتقل کئے جائیں گے ۔ وفاقی حکومت کے اشتراک سے دوسرے مرحلے میں مزید 10ہزار ٹیوب ویل سولر انرجی پر منتقل ہوں گے ۔وزیراعلیٰ نے ویجیٹبل فارمرزکے لئے بھی خصوصی پیکیج تیار کرنے کی ہدایت کی۔ مریم نواز نے ٹماٹر،پیازسمیت دیگر ضروری سبزیوں کی سپلائی مینجمنٹ کا پائیدار سسٹم وضع کرنے کاحکم دیا اور کہا کسانوں کا مہنگی بجلی کا مسئلہ حل کریں گے ، سولر پینل دیں گے ۔ وزیراعلیٰ کا ویژن،ستھرا پنجاب کے تحت پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبہ بھر میں بیک وقت ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر ز کو آج اور ابھی سے ویسٹ مینجمنٹ پر کام شروع کرنے کا حکم دیا۔ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت ہر جگہ سے کوڑا کرکٹ اٹھایا جائے گا، گلی محلوں کی صفائی اور سپرے بھی ہوگا۔

وزیراعلیٰ خود نگرانی کریں گی۔ وزیراعلٰی نے روزانہ صبح 5بجے سڑکیں دھونے کاحکم دیا اور ڈپٹی کمشنرز کو ہسپتالوں،مراکز صحت اورسکولوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے مین ہولز کے ڈھکن غائب ہونے اور آوارہ کتوں کے کاٹنے سے بچوں کے جاں بحق ہونے پربرہمی کا اظہار کیا۔ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے صفائی کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت بھی کی۔ انہو ں نے کہا گلی محلوں میں سٹریٹ لائٹس کوفوری فنکشنل کیاجائے ۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز کی آؤٹ سورسنگ پر بریفنگ دی گئی۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اپنے ویژن میرا پنجاب،محفوظ سے محفوظ تر کے تحت8بڑے اقدامات کا آغاز کردیا۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان کے پہلے چائلڈ سیفٹی ورچوئل سنٹر کا افتتاح کردیا۔28 نئے فیچر سے مزین ایمرجنسی ون فائیو اپ گریڈڈ سنٹر کا بھی آغازکردیا۔ون فائیو کا وٹس ایپ نمبر 03370000015 بھی متعارف کرایاگیا۔پینک بٹن سیفٹی زون کا آغازکردیا گیا۔

سکول آف پولیس ٹیکنالوجیز اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس ،البیرونی انسٹی ٹیوٹ آف ریسرچ اینڈ انوویشن ، سیف سٹی اتھارٹی آڈیٹوریم کا افتتاح اور سیف سٹی کی جدید ویڈیو وال کا آغاز کردیا گیا۔مریم نواز نے گرلز پولیس کمیونیکشن آفیسر کے ساتھ ملکر سیف سٹی ویمن ہوسٹل کا سنگ بنیاد بھی رکھا اور ہوسٹل کی تکمیل کیلئے جنوری 25 کی ڈیڈ لائن مقررکی۔وزیر اعلیٰ نے تین دن سے گھر سے دور سپیشل بچے کو ریسکیو کرنے والی کمیو نیکشن آفیسر کو دوران خطاب پاس بلا لیااورانٹرن شپ کے لئے موجود طلبا اور طالبات سے بھی فیڈ بیک لیا۔ وزیر اعلیٰ نے 15 سنٹر کی نئے ایمرجنسی -15 ڈیمو مرکز کا دورہ کیا۔ مریم نواز نے سیف سٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا خواتین کیلئے سیف سٹی ہاسٹل کی تکمیل کی ڈیڈ لائن مارچ2025تھی لیکن ان شاء اللہ جنوری 2025تک مکمل ہوجائے گا۔ شہبازشریف صاحب نے سیف سٹی لانچ کیا ان سے کہنا چاہتی ہوں کہ ان کی بیٹی سیف سٹی کو پورے پنجاب میں پھیلائے گی۔آئندہ چند ماہ میں 18مزیدشہروں میں سیف سٹی فنکشنل ہوجائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں