حالات بدلنے کا حوصلہ ہے،احساس ذمہ داری سے رات کو نیند نہیں آتی:مریم نواز

حالات بدلنے کا حوصلہ ہے،احساس ذمہ داری سے رات کو نیند نہیں آتی:مریم نواز

لاہور (اے پی پی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہاہے کہ وزارت اعلیٰ چیلنجنگ جاب ہے ، 14کروڑ لوگوں کی ذمہ داری کے احساس سے رات کو نیند بھی نہیں آتی،پنجاب کو بزنس فرینڈلی صوبہ بنانا چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سے گزشتہ روز انٹر پرنیورز آرگنائزیشن کے وفدنے ملاقات کی اور انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کے لئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا جس کیلئے اتفاق رائے سے علی عالم قمر کو فوکل پرسن مقرر کردیا گیا۔ملاقات میں پنجاب کی انڈسٹری کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لئے تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا اور براہ راست ٹرانسمیشن لائن بچھا کر پنجاب کی انڈسٹری کو سستی بجلی فراہم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیاگیا۔مریم نواز شریف نے غیر قانونی پمپس لگا کر غیر معیاری ایرانی تیل بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔صنعتکاروں نے پنجاب کے لئے 300 بلین ڈالر کا جی ڈی پی ٹارگٹ حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ مریم نواز نے صنعت کاروں کے عزم کو سراہا او رکہا کہ ڈومیسٹک صارفین کی طرح انڈسٹری کے لئے بھی بجلی بلو ں میں پائیدار ریلیف چاہتی ہوں،ایز آف ڈوئنگ بزنس کو نافذ کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ حالات کو رات بھر میں نہیں بدلا جاسکتا لیکن بدلنے کا عزم اور حوصلہ موجود ہے ،صنعتکاروں سے مل کر حالات کو بدلیں گے ۔انڈسٹریل سٹیٹس کو رئیل سٹیٹ کا بزنس بنانا افسوسنا ک ہے ،سپیشل اکنامک زونز پر چارجز لینے کا کیا جواز ہے ،پلاٹ لیں اور 3 ماہ کے اندر انڈسٹری کی تعمیر شروع کریں۔پنجاب میں بے پناہ مواقع پنہاں ہیں،انڈسٹری کے فروغ کے لئے پلگ اینڈ پلے یونٹ بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹری سے مل کر ٹیوٹا کے کورسز ری ڈیزائن کر رہے ہیں،تربیت یافتہ ہنر مند انسانی وسائل نہ صرف مقامی بلکہ غیر ملکی ا نڈسٹری میں بھی کام کر سکیں گے ۔ ایکسپورٹ ہماری معیشت کی لائف لائن ہے ،مقامی سطح پر برآمدات بڑھانے کے لئے تمام سہولتیں دیں گے ، ترقی پسند انڈسٹریلسٹ سے مل کر پنجاب میں صنعتی انقلاب لائیں گے ،سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر انڈسٹری کے لئے این او سی جاری کرنے کی اجازت دے دی۔دریں اثنا مریم نواز شریف نے حضرت سید محمد عبداﷲ شاہ المعروف بابا بلھے شاہؒ کے 267 ویں عرس مبارک کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہا کہ ان کو سلسلہ تصوف و معرفت کا سرخیل سمجھا جاتا ہے ،انہوں نے معرفت اور عشق حقیقی کی فکر کو پہچان دی،بابا بلھے شاہ نے عوامی فلاح،رواداری اور ہم آہنگی کو اپنے کلام کی اساس بنایااور ان کا کلام آج بھی زندہ اور عقیدت مندوں کے دلو ں کو سکون بخشتا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں