جو مشکل وقت میں ساتھ چھوڑ گئے،انکی پی ٹی آئی میں کوئی جگہ نہیں:عمران خان

جو مشکل وقت میں ساتھ چھوڑ گئے،انکی پی ٹی آئی میں کوئی جگہ نہیں:عمران خان

راولپنڈی (احمد بھٹی)بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے ملک کے لیے جو سب سے بڑا چیلنج نظر آرہا ہے وہ معیشت ہے ، صوبائیت کا خطرہ ہے ،پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو چاروں صوبوں میں موجود ہے ہم عوام کو متحد کر سکتے ہیں۔

اچھے وقت میں چارلیز رہنے والے مشکل وقت میں ساتھ چھوڑ گئے ان کی اب پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت میں سماعت کے موقع پر صحافیوں کو دیئے گئے بیان میں کیا،بانی پی ٹی آئی نے کہا پہلے سنا تھا 50 سال میں سب سے کم سرمایہ کاری ملک میں آئی اب پتہ چلا ہے کہ اس سال تاریخ کی سب سے کم سرمایہ کاری ملک میں آئی ،ملکی آمدن نہیں ہے قرض بڑھ رہے ہیں ملک تباہی کی جانب جا رہا ہے ،فراڈ الیکشن کی وجہ سے ہم سیاسی عدم استحکام کا شکار ہیں دوسری جانب دہشت گردی بڑھ رہی ہے خفیہ اداروں کو پی ٹی آئی ختم کرنے پر لگا دیا گیا،جو یہ فیصلے کر رہے ہیں انہیں ملک کی فکر ہیں،بلوچستان کے جو اس وقت حالات ہیں ہماری کوشش ہونی چاہیے بلوچوں کو ساتھ لے کر چلیں۔اسلام اباد جلسہ ملتوی کرنے پر کارکنوں میں غصہ ہے برا بھلا کہہ رہے ہیں پارٹی میں لڑائی ختم نہیں ہو رہی ۔مجھے پتہ ہے برے وقت میں کون سے لوگ چھوڑ کر گئے بہت کم ایسے لوگ ہیں جنہوں نے بہت مشکل وقت میں پارٹی کو مجبوری میں چھوڑا،ان کاکہنا تھا باقی جماعتیں جلسے کر رہی ہیں ہمیں ایک بھی جلسہ نہیں کرنے دیا جا رہا ۔

دینی جماعتوں کے احتجاج اور کرکٹ میچ کی وجہ سے جلسہ ملتوی کیا،ملک میں انتشار نہ پھیلے یہ سوچ کر جلسہ ملتوی کیا،جنہوں نے مشکل وقت گزارا اور پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے وہ تسلی رکھیں وہ تمام لوگ جو سخت حالات میں انڈر گراؤنڈ چلے گئے سختیاں اور تشدد برداشت کیا ان کیلئے بہتر فیصلہ ہو گا ، مجھے سب معلوم ہے برے وقت میں کون کون پارٹی چھوڑ کر گیا،بانی پی ٹی آئی نے کہا حکمران پہلے ہم پر ڈال رہے تھے کہ دہشت گردی ہمارے سیٹلمنٹ پلان کی وجہ سے ہو رہی ہے ، اب کہہ رہے کہ سرحد پار سے دہشت گردی ہو رہی ہے ،بانی پی ٹی آئی کی میڈیا ٹاک کے دوران ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل نے صحافیوں کو سوال کرنے سے روکا اوربانی پی ٹی آئی سے کہا عدالتی حکم ہے کہ آپ پریس کانفرنس اور میڈیا سوال نہیں کر سکتے ۔بانی پی ٹی آئی نے کہا فیئر ٹرائل میرا حق ہے اور یہاں فیئر ٹرائل کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں ،جتنے حالات خراب ہو رہے ہیں اتنی سختیاں بڑھائی جارہی ہیں،پارٹی لیڈرز اور وکلا سے ملنے نہیں دیا جاتا ،تیسرا ہفتہ ہے بچوں سے بھی فون پر بات نہیں کروائی جارہی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں