بندوق اٹھانیوالوں کابندوست کیا جائیگا:وزیرداخلہ

 بندوق اٹھانیوالوں کابندوست کیا جائیگا:وزیرداخلہ

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ،این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے سینیٹ اجلاس میں بات کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ جو ریاست کے خلاف بندوق اٹھائے گا۔

اس کا بندوست کیا جائے گا۔بلوچستان میں بندوق اٹھانے اور ریاست کو تسلیم نہ کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا تاہم جو لوگ ریاست کو تسلیم کرتے ہیں ان کے ساتھ مذاکرات ہونگے ، بلوچستان کے مسائل حل کرنے کیلئے وزیر اعظم نے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کی ہے اور اہم فیصلے کئے گئے ہیں ۔بعد ازاں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے بتایا کہ ایپکس کمیٹی ہو یا جو بھی طاقت پر فیصلہ نہیں لیناچاہیے ، مسئلہ ہمارا ہے ، ہماری حکومت کا دل بڑا ہونا چاہئے ، وزیر داخلہ چلے گئے ، اس مسئلے کو سنجیدہ لیں۔ اس وقت ایوان میں ایک وزیر موجود نہیں ، یہ حکومت دو تین ہفتے کی مہمان ہے لیکن اس کا مطلب نہیں کہ وہ کام کرنا چھوڑ دیں۔پینل آف چیئر عرفان صدیقی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و سینیٹر عمر فاروق نے کہابلوچستان جب سے بنا ہے یہ کسی اور کے ہاتھ میں ہے ۔یہ ایس ایچ او کی بات کررہے ہیں پہلے کچے کے ڈاکوؤں سے بکتر بند گاڑیاں تو چھڑوا لیں ۔ بعد ازاں سینیٹر پلوشہ خان نے ایوان میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ میری والدہ کے گھر میٹر ریڈر نے 900 کو 9 ہزار یونٹ بنایا ، لیسکو کی غلطی کے اعتراف کے باوجود میرے بہنوئی کو 28 چکر لگوائے گئے اور بعد میں ایس ڈی او نے 70 ہزار کا بھتہ مانگا۔ پینل آف چیئر عرفان صدیقی نے اووربلنگ کا معاملہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔ بعد ازاں سینیٹ اجلاس پیر شام 5 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں