وزیراعلیٰ دوسرے صوبے پر حملہ آور ہو،پنجاب آکر قانون توڑے تومنہ توڑ جواب ملے گا:مریم نواز

وزیراعلیٰ دوسرے صوبے پر حملہ آور ہو،پنجاب آکر قانون توڑے تومنہ توڑ جواب ملے گا:مریم نواز

فیصل آباد ،لاہور (خصوصی رپورٹر،اے پی پی،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے فیصل آبادیونیورسٹی آف ایگریکلچر میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ایگریکلچر گریجویٹ انٹرن شپ پروگرام لانچ کردیا۔ایک ہزار ایگریکلچر گریجو یٹس کو ماہانہ 60ہزار روپے سکالر شپ دیا جائے گا۔

 وزیراعلیٰ نے ایگریکلچر گریجویٹس طلبا و طالبات میں تقرری لیٹر تقسیم کئے ۔ وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی آف ایگریکلچرکے اساتذہ اور طلبہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔ طلبہ کے پاس جا کر میرٹ پر سلیکشن کے بارے میں دریافت کیا، طلبہ نے سیلفیاں بھی بنوائیں۔ وزیر اعلیٰ نے نعت رسولؐ مقبول پیش کرنے والی طالبہ انیلہ حسین کو اپنی نشست سے اٹھ کر شاباش دی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا اللہ تعالیٰ کا شکر ہے ہم پاکستان کے سب سے بڑے تاریخی کسان پیکیج پر عملدرآمد کاآغاز کررہے ہیں۔انہوں نے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا وزیراعلیٰ دوسرے صوبے پر حملہ آور ہو، پنجاب آکر قانون توڑے تو منہ توڑ جواب ملے گا،وہ گالیاں دینے ، جلاؤ گھیراؤ چھوڑ کر خیبر پختونخوا اور اس کے عوام کیلئے کام کریں ، پنجاب کے عوام کو دہشت گرد بنانے نہیں دوں گی۔ مریم نواز نے کہا جولیڈر آپ کو ہتھیار پکڑائے یا آپ کو جلاؤ گھیراؤ پر مجبور کرے یا شہدا کی یادگاروں پر حملے کا درس دے اس کا ساتھ مت دیں۔ اس کے اپنے بچے تو باہر بیٹھے ہیں لیکن پاکستان کے نوجوانوں کو اپنے فرائض اور روزگار چھوڑ کر روز سڑک پر آنے کا کہتا ہے ۔ جو نوجوان نو مئی کے مقدمات میں گرفتار ہیں ان کا کوئی پر سان حال نہیں ہے ۔

ایک وزیر اعلیٰ پنجاب کی حدود میں آکر حملہ آور ہوا اور اے کے 47 سے ایک بس کا شیشہ توڑ دیا۔اپنے صوبے میں جاری غنڈہ گردی اور دہشتگردی کو قابو کرو، مریم پنجاب کے عوام کو دہشت گردنہیں بننے دے گی۔ تمہارے اپنے لوگ بھوک اور بیماری سے مررہے ہیں ان پر توجہ دو۔مریم نواز کا کہنا تھا جو وزیراعلیٰ انہیں ذو معنی جملے کہتے ہیں کیا کوئی خاتون اس بات کو سراہتی ہے ؟ چاہے وہ آپ کی مخالف ہی کیوں نہ ہو، ان کی پوری توجہ جلاؤ گھیراؤ پر مرکوز ہے ، اس سے بڑی مجرمانہ غفلت کوئی نہیں ہو سکتی، صوبہ کے عوام رل رہے ہیں اور آپ عیش و عشرت میں پڑے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا ان کا ہر جلسہ ناکام ہوا ہے اور اس کی وجہ 6، 7 سال کے بعد عوام کو ملنے والا ریلیف ہے ۔انہوں نے کہانوجوانوں کے نعرے لگانے والے یہاں بڑے آئے اور لوگوں نے بہت دیکھے مگر جو کام ہم نے کیا وہ کسی نے نہیں کیا، میں نے اپنی پوری پارٹی کی ناراضی مول لے کر 90 فیصد نوجوان اپنی حکومت میں شامل کیے جو باصلاحیت بھی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا میں حلفاً یہ بات کہتی ہوں ان نوجوانوں میں سے کسی ایک کو بھی نوکری سفارش پر نہیں دی ، بلکہ میرٹ پر ملی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 6 سال میں ایک نوجوان کو میرٹ پر نوکری نہیں ملی، ہم نے چھ ماہ کے اندر ایک ہزار نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کیں جن کی تنخواہ ساٹھ ہزار ہے ، مجھے بھی لوگوں نے نوکریوں کے لیے بھرپور سفارش کی مگر ہم نے میرٹ کو ترجیح دی۔انہوں نے کہا کسی صوبے میں جاکر دوسرے کو گالیاں دینا، جلاؤ گھیراؤ کرنا بہت آسان ہے ، یہاں کفر کا نظام چل سکتا ہے مگر ظلم کا نظام نہیں چل سکتا، میں پنجاب کے جس ہسپتال میں جاتی ہوں وہاں کے پی سے آئے ہوئے مریض ملتے ہیں۔انہوں نے کہا نوجوانوں سے پوچھنا چاہتی ہوں کیا آپ ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس کے اندر گالی گلوچ ہو اور جھوٹے الزامات کی بھرمار ہو۔ وزیر اعلیٰ نے کہا آپ نے جس جماعت کا نعرہ لگانا ہے لگائیں لیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ یہ چیز آپ کے اور پاکستان کے مستقبل کو کہا ں لیکر جائے گی۔ یہ ایک آسان کام ہے میں کہہ سکتی ہوں کسی دوسرے صوبے میں جاکرجلسہ کر وں یا جلاؤ گھیراؤکروں۔میر ے مخالفین نے کوئی کام کرنا نہیں ہے اور جب بات کرتے ہیں تو منہ سے غلاظت کے ڈھیر نکلتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا مجھے مخالف نعروں سے ڈر نہیں لگتا ، میں حق بات کہنے سے بعض نہیں آؤں گی۔ انہوں نے کہا اگلے سال تاریخ کا سب سے بڑا 400ارب روپے کا کسان پیکیج لیکر آرہے ہیں۔مریم نوازنے کہا کہ 15اکتوبر سے کسان کارڈ فعال کر دیئے جائیں گے ۔ کسان کو پیغام ہے کہ بے دھڑک گندم لگائیں میں آپ کا نقصان نہیں ہونے دوں گی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت کمشنر آفس فیصل آباد میں اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس میں لاہور کے بعد فیصل آباد میں پاکستان کا دوسرا آئی ٹی سٹی اور سفاری پارک بنانے کی تجویز پر اتفاق کیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا فیصل آباد میں اگلا آئی ٹی سٹی اور بین الاقوامی معیار کا سفاری پارک بنایا جائے گا۔

فیصل آباد شہر میں اگلے سال سے میٹرو بس پراجیکٹ بنے گا۔دریں اثناء مسلم لیگ(ن)کے صدر محمد نواز شریف اوروزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے عوامی جمہوریہ چین کے سفیرجیانگ زیاڈونگ نے ملاقات کی جس میں ٹیکنالوجی،بزنس اور سرمایہ کاری کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیاگیا۔ چین کے سفیر نے وزیراعلیٰ کو دورہ چین کی دعوت دی انہوں نے دعوت شکریہ کے ساتھ قبول کر لی۔ مریم نواز نے چین کے لئے خصوصی چائنا اکنامک زونقائم کرنے کی پیشکش کی اور چینی سرمایہ کاروں کے لئے مراعات اور آسانیاں پیدا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا چین کے ساتھ مل کر معاشی معجزے برپا کر سکتے ہیں۔نواز شریف نے کہا چین ہمارا بااعتماددوست ملک ،تعلقات پر فخر ہے ۔چین کی معاونت سے ٹیکنالوجی میں جدت لانا چاہتے ہیں۔چین کے سفیر جیانگ زیاڈونگ نے کہا ایک ہزار کاشتکاروں کو جدید فارمنگ ٹیکنیک کی ٹریننگ دیں گے ۔ انہوں نے کہا مریم نواز کا پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کے طور پر چین میں خیرمقدم کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں