وزیراعلیٰ مریم کا شریمپ فارمنگ کیلئے مراعات کا اعلان:6نئی ہائبر ڈ ڈبل ڈیکر بسوں کا افتتاح

وزیراعلیٰ مریم کا شریمپ فارمنگ کیلئے مراعات کا اعلان:6نئی ہائبر ڈ ڈبل ڈیکر بسوں کا افتتاح

لاہور، مظفر گڑھ (نمائندہ دنیا، سٹی رپورٹر) پاکستان کی تاریخ میں شریمپ(جھینگے )فارمنگ کے سب سے بڑے پائلٹ پراجیکٹ کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مراعات کا اعلان کر دیا ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں ایک لاکھ ایکڑ پر شریمپ فارمنگ کا ہدف مقرر کر دیا ۔

 وزیر اعلیٰ نے مظفرگڑھ کے نواحی علاقے جھلاریں شمالی میں شریمپ فارمنگ پائلٹ پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ تالاب میں شریمپ کا جائزہ لیا اور فیڈ بھی ڈالی۔شریمپ فارمنگ پراجیکٹ کا فضائی دورہ بھی کیا،پائلٹ پراجیکٹ فار ایڈیپٹو ریسرچ آن شریمپ فارمنگ کا افتتاح بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دنیا بھر میں شریمپ کی بہت مانگ ہے ، ہمیں فائدہ اٹھانا چاہیے ۔ ایک لاکھ ایکڑ پر شریمپ فارمنگ سے ایک ارب ڈالر تک زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے ۔ شریمپ فارمنگ سے 40 فیصد تک منافع کی شرح ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ویران اور بنجر زمین کو شریمپ فارمنگ سے قابل استعمال بنائیں گے -شریمپ فارمنگ کیلئے فارمرز اور انویسٹرز کو کم از کم لیز پر زمین اور مراعات دینگے ۔شریمپ فارمنگ کے لئے سیڈ،فیڈ اور درکار آلات بھی فراہم کرینگے ۔ مریم نوازکو شریمپ فارمنگ پائلٹ پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شریمپ فارمنگ پراجیکٹ میں نوجوانوں کی انٹرن شپ اور جاب مارکیٹ میں مواقع فراہم کئے جائینگے ۔

محکمہ فشریز پنجاب کے زیر اہتمام شریمپ فارمنگ پائلٹ پراجیکٹ کی دو ماہ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل ہوئی۔ جھلاریں شمالی شریمپ فارمنگ پائلٹ پراجیکٹ سے پہلی پیداوار اکتوبر میں تیار ہو جائے گی۔ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 6 نئی ہائی برڈ ڈبل ڈیکر بسوں کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔لاہور میں سیاحت کیلئے نئے روٹس پر6 نئی ہائبرڈ ڈبل ڈیکر بسیں چلائی جائیں گی -بہاولپور اور راولپنڈی میں بھی ایک ایک ڈبل ڈیکر بس کا اضافہ کیا جائے گا -ملتان اور فیصل آباد میں بھی سیاحت کے لئے ڈبل ڈیکر بس سروس شروع ہوگی-وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہائی برڈ ڈبل ڈیکر بس کا معائنہ کیا اور نئی ہائیبرڈ ڈبل ڈیکر بس میں سفر کیا-وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو ہائیبرڈ ڈبل ڈیکر بس سے متعلق بریفنگ دی گئی۔مریم نواز نے کہاکہ پنجاب بھر میں میٹروپولیٹن ٹورزم کیلئے مزید نئی،جدید اور ماحول دوست بسیں فراہم کریں گے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز مظفر گڑھ ڈی سی آفس میں سکول کی چھت گرنے کی خبر ملنے پر پریشان ہوگئیں۔ شدید برہمی کا اظہار کیا اور ڈپٹی کمشنرسے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور گرفتاری کاحکم بھی دیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں