اربن فلڈنگ روکنے کیلئے مشینری خریدنے کی منظوری ،سیوریج سسٹم بہتر بنائیں:مریم نواز

اربن فلڈنگ روکنے کیلئے مشینری خریدنے کی منظوری ،سیوریج سسٹم  بہتر بنائیں:مریم نواز

لاہور (دنیانیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے عوام کے تحفظ کیلئے جامع فلڈنگ پلان طلب کر لیا،انہوں نے اربن فلڈنگ روکنے کے لئے مشینری خریدنے کی اصولی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب میں اربن فلڈنگ دریائی سیلاب اور رودکوہی سے نمٹنے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیاگیا ،موٹرویز، ہائی ویز اور ریلوے ٹریک کے نیچے سیلابی راستوں کی صفائی کی ہدایت کی گئی جبکہ روڈز سے بارش کے پانی کا نکاس یقینی بنانے کیلئے گرین بیلٹ کا لیول نیچے کرنے کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔مریم نوازشریف نے سیلابی نالوں کی بروقت صفائی اور بحالی یقینی بنانے اور فلڈنگ کے سدباب کے لئے قوانین کے نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی،اجلاس میں اربن فلڈنگ سے متاثرہ شہروں میں سٹوریج ٹینک بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا-وزیراعلی ٰکاکہناتھاکہ شہروں میں راستے ڈوب جاتے ہیں، سیوریج کا نظام بہتر بنائیں ، لوگوں کی تکالیف کے پیش نظر سیوریج سسٹم کی بحالی اور بہتری کی ترجیحات کا تعین کیا جائے ۔ مریم نواز شریف نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ ظلم و زیادتی کے شکار فلسطینی بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، عالمی برداری کو نہتے فلسطینیوں، بچوں اور خواتین کے قتل عام پر جاگنا ہو گا،فلسطینی عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ سے ہی فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کاحامی رہا ہے اور رہے گا،پاکستان کی فلسطین پر پالیسی قائداعظم محمد علی جناح ؒکے اصولی مو قف کی عکاس ہے ،پاکستانی ہمیشہ فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ،فلسطینیوں کی جدوجہد ایک دن ضروررنگ لائے گی اور آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں