سیاسی سرگرمیاں،آفیشل سکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزیاں،ریاستی مفاد کو نقصان،اختیارات کا غلط استعمال:فیض حمید کیخلاف چارج شیٹ
راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر)سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر)فیض حمید کو کورٹ مارشل کی کارروائی کے دوران چارج شیٹ کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 12 اگست 2024 کو پاکستان آرمی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت لیفٹیننٹ جنرل (ر)فیض حمید کے خلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی کارروائی شروع کی گئی، کورٹ مارشل کے اگلے مرحلے میں فیض حمیدکوباضابطہ طور پر چارج شیٹ کردیا گیا ہے ، ان چارجز میں سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونا، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے ریاست کی سلامتی اور مفاد کو نقصان پہنچانا،اختیارات اور سرکاری وسائل کا غلط استعمال اور افراد کو ناجائز نقصان پہنچنانا شامل ہیں،فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے عمل کے دوران ملک میں انتشار اور بدامنی سے متعلق پرتشدد واقعات میں فیض حمیدکے ملوث ہونے سے متعلق علیحدہ تفتیش بھی کی جا رہی ہے ، ان پرتشدد اور بدامنی کے متعدد واقعات میں 9 مئی سے جڑے واقعات بھی شامل تفتیش ہیں، ان متعدد پرتشدد واقعات میں مذموم سیاسی عناصر کے ایما اور ملی بھگت بھی شامل تفتیش ہے ، فیلڈجنرل کورٹ مارشل کے عمل کے دوران لیفٹیننٹ جنرل (ر)فیض حمید کو قانون کے مطابق تمام قانونی حقوق فراہم کیے جا رہے ہیں۔