مریم نواز کی چینی وزرا سے ملاقاتیں،بیجنگ پنجاب کلین ایئرورکنگ گروپ بنا نیکا فیصلہ

مریم نواز کی چینی وزرا سے ملاقاتیں،بیجنگ پنجاب کلین ایئرورکنگ گروپ بنا نیکا فیصلہ

بیجنگ ،لاہور(اے پی پی ، دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورہ چین کا دوسرا روزبھی مصروفیت سے بھرپور رہا۔وزیراعلیٰ نے چینی وزرا سے ملاقاتیں کیں اور کیمونسٹ پارٹی کے ظہرانے میں شریک ہوئیں ۔

ملاقات میں ماحولیاتی بہتری، بائیوڈائیورسٹی، انسداد سموگ، جنگلی حیات اور شجرکاری کے فروغ اور تحفظ کیلئے مل کر کام کرنے اور بیجنگ پنجاب کلین ائیر ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کیاگیا۔اس امر پر بھی اتفاق ہوا کہ چین کے تعاون سے ایڈوانس ائیر کوالٹی مینجمنٹ سسٹم بنایاجائیگا، ماحول دوست مشینری، توانائی، ای ٹرانسپورٹ اورہائیڈروپاور کے حوالے سے بھی مدد کریگا۔وزیراعلیٰ نے پاک چین تعلقات کے فروغ کیلئے جڑواں شہروں اورصوبوں کی تجویزپیش کر دی اور پنجاب میں چینی سرمایہ کاری کیلئے بھرپور تعاون کی پیشکش کی۔ مریم نواز نے کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کا دورہ بھی کیا۔ بیجنگ میں وزیر اعلیٰ سے کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے منسٹر لیو جیان چاؤنے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے کیمونسٹ پارٹی کی دوراندیش قیادت کو سراہا۔ منسٹر لیو جیان چاؤ سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا پاک چین تعلقات کے فروغ میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے ۔ پاک چین دوستی فولاد کی طرح مضبوط اور آزمودہ ہے ۔پاک چین سٹریٹجک پارٹنر شپ ہر موسم کے گرم وسرد سے بالا تر ہے ۔ لوکل گورننس اور دیہی ترقی کیلئے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

بعدازاں وزیر اعلیٰ کے اعزاز میں بیجنگ کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے خصوصی ظہرانہ دیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کی نائب منسٹر سن ہائی ین اور دیگرحکام سے بھی ملاقات کی۔ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ مریم نواز نے پاک چین تعلقات کے فروغ کیلئے جڑواں صوبوں اور شہروں کی تجویز پیش کی۔پنجاب میں چینی سرمایہ کاری کیلئے بھرپور تعاون کی بھی پیشکش کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا موسمیاتی تبدیلی، ویسٹ مینجمنٹ، ایگریکلچر اور یوتھ ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں چین کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے ۔وزیراعلی ٰ سے چین کی وزارت ماحولیات میں ایکالوجی اینڈ انوئرمنٹ کے وزیر ہوانگ رنچیو نے ملاقات کی۔ چین اور صوبہ پنجاب کا ماحولیاتی بہتری،بائیو ڈائیورسٹی، سموگ کے خاتمے ، جنگلی حیات اور شجر کاری کے تحفظ وفروغ کے لئے مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔‘بیجنگ پنجاب کلین ائیر’مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، سینئر وزیر مریم اورنگزیب پنجاب کی نمائندگی کریں گی۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ چین کے تعاون سے پنجاب میں ایڈوانس ائیر کوالٹی مینجمنٹ سسٹم بنایا جائے گا۔

ہائیڈرو پاور اور پانی کے باکفایت استعمال پربھی چین پنجاب کی مدد کرے گا۔چینی وزیر ماحولیات نے پنجاب میں سموگ سے بچاؤ اور ماحولیاتی بہتری کے لئے وزیراعلیٰ مریم نواز کے اقدامات کو سراہا۔وزیراعلی ٰ نے کہا پنجاب میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے چین کے جدید انوائرمنٹ ماڈلز اپنانا چاہتے ہیں۔ سی پیک ملکی ترقی اور اسکا دوسرا مرحلہ ماحول دوست توانائی منصوبوں کے حوالے سے نہایت اہم ہے ۔مریم نواز نے بیجنگ میں نیشنل پیپلز کانگرس سٹینڈنگ کمیٹی کے وائس چیئرمین لی ہانگ زونگ سے ملاقات کی۔ پاک چائنہ سٹرٹیجک پارٹنر شپ کو مزید مستحکم کرنے کے عزم پر اتفاق کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے کہا چین کے تجربات اورمشاہدات سے فائدہ اٹھا کر پنجاب کی گورننس میں بہتری لانا چاہتے ہیں۔لی ہانگ زونگ نے وزیراعلیٰ مریم نواز اورانکے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ انسانی حقوق کے عالمی دن پر وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پیغام میں کہا ہر انسان رنگ، نسل، مذہب، جنس یا حیثیت سے بالاتر انسانی حقوق رکھتا ہے ۔ اسلام انسانی حقوق کا سب سے بڑا داعی ہے ۔ انسانی حقوق کا احترام معاشرے کی ترقی، خوشحالی کا سنگِ بنیاد ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں