کلکٹرکسٹمزکاضبط گاڑی کوجعلی نمبرپلیٹ لگانے کااعتراف نتائج ہونگے ،جسٹس بابرستار

 کلکٹرکسٹمزکاضبط گاڑی کوجعلی  نمبرپلیٹ لگانے کااعتراف نتائج ہونگے ،جسٹس بابرستار

اسلام آباد(نامہ نگار سے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے کسٹمز کی اسلام آباد میں شہری سے ضبط کردہ گاڑی کراچی میں کمشنر اِن لینڈ ریونیو کے زیرِاستعمال رہنے سے متعلق کیس میں کلکٹر کسٹمز اور ممبر لیگل کسٹمز کو توہینِ عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

عدالت نے کمشنر اِن لینڈ ریونیو سردار تیمور خان درانی کو 10 نومبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔دوران سماعت کلکٹر کسٹمز نے گاڑی جعلی نمبر پلیٹ لگا کر اسلام آباد ہائیکورٹ میں لانے کا اعتراف کر لیا، کلکٹر کسٹمز نے کہا گاڑی ریڈ زون لانی تھی اِس لیے دوسری نمبرپلیٹ لگا لی،ویئر ہاؤس میں ایسی بہت سی نمبر پلیٹس ہوتی ہیں، ڈرائیور لگا کر لے آیا۔ جسٹس بابر ستار نے کہا کیا کہہ رہے ہیں ایک ڈرائیور نے نمبر پلیٹ اتار لی، دوسرے نے لگا لی، آپ کلکٹر ہیں آپکی ذمہ داری بنتی ہے ،آپ کچھ شرم کریں ،آپ افسر ہیں، عدالت میں کس لیے جھوٹ بول رہے ہیں؟،افسر عدالت میں آ کر جھوٹ بولیں گے تو پھر توہینِ عدالت کے علاوہ کیا آپشن بچتا ہے ؟،غلطی ہو گئی ہے تو عدالت میں آ کر درست بات بتا دیں۔ جسٹس بابر ستار نے کلکٹر کسٹمز سے کہا آپ خود غیرقانونی کام کر رہے ہیں آج آپ نے عدالت کو بتایا،آپکی نہ لیگل سینس ہے اور نہ سچ بولنے کی اخلاقی جرات ہو رہی ہے ، اسکے نتائج ہونگے ۔عدالت نے ممبر کسٹمز آپریشنز سے بھی بیان حلفی سمیت انکوائری رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا بتائیں گاڑی کمشنر اِن لینڈ ریونیو کے پاس کیسے گئی؟۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں